رنبیر کپور لیجنڈری بھارتی گلوکار کی زندگی پر بننے والی فلم میں اداکاری کرتے نظر آئیں گے

ممبئی،مارچ۔بالی وڈ کے سپر اسٹار رنبیر کپور لیجنڈری بھارتی گلوکار کی زندگی پر بننے والی فلم میں کام کریں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق رنبیر کپور کے حوالے سے خبریں گردش کررہی تھیں کہ وہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی کی زندگی پر بننے والی فلم میں کام کریں گے۔ رنبیر کپور جو اس وقت اپنی فلم ’تو جھوٹی میں مکار‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں نے ان افواہوں کی تردید کرتے ہوئے اپنی نئی بائیو پک کے حوالے سے انکشاف کیا ہے۔’تو جھوٹی میں مکار’ کی پروموشن کے دوران رنبیر سے پوچھا گیا کہ کیا وہ واقعی اپنی اگلی فلم میں گنگولی کا کردار ادا کر رہے ہیں؟ اس پر اداکار نے واضح کیا کہ ابھی تک ان سے اس حوالے سے کسی نے رابطہ نہیں کیا۔تاہم رنبیر کپور نے انکشاف کیا کہ وہ آنجہانی لیجنڈری بھارتی گلوکار و اداکار کشورکمار کی زندگی پر بننے والی فلم میں اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔انہوں نیکہا کہ کشور کمار کی زندگی پر بننے والی فلم پر پچھلے 11 سال سے کام جاری ہے جس کی ہدایتکاری انوراگ باسو کریں گے۔رنبیر کپور نے کہا کہ گزشتہ 11 سال سے کشور کمار کی بائیوپک پر کام کر رہا ہوں اور امید ہے وہ جلد مکمل ہوگی۔واضح رہے کہ رنبیر نے اس سے قبل سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم ‘سنجو’ میں اداکاری کی تھی جسے کافی پسند کیا گیا تھا۔’تو جھوٹی میں مکار’8 مارچ کو سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی، اس فلم میں وہ پہلی بار شردھا کپور کے ساتھ نظر آرہے ہیں۔

Related Articles