رضوان کاؤنٹی کھیلنے انگلینڈ پہنچ گئے، سسکس کی نمائندگی کرینگے
کراچی ،اپریل۔ٹیسٹ وکٹ کیپر محمد رضوان کاؤنٹی چیمپئن کھیلنے انگلینڈ پہنچ گئے۔ وہ سسکس کلب کی نمائندگی کریں گے۔ رضوان جولائی تک کاؤنٹی چیمپئن شپ کھیلیں گے۔ ٹی ٹوئنٹی ایونٹ میں بھی شرکت کریں گے۔رضوان کے علاوہ پاکستان کے دو فاسٹ بولر حسن علی اور حارث رئوف انگلش کائونٹی کرکٹ میں حصہ لینے کے لئے انگلینڈ پہنچ گئے ہیں۔ حسن علی لنکا شائر اور حارث رئوف یارک شائر کے لئے کھیلیں گے۔ حسن علی کا کہنا ہے کہ مانچسٹر میں کافی سردی ہے لیکن کنڈیشنز کے ساتھ آراستہ ہوجائوں گا۔ انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنے کے لیے پرجوش ہوں۔ وسیم اکرم کی طرح کائونٹی کرکٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانا چاہتا ہوں۔ اینڈرسن سے پہلے کبھی ملاقات نہیں ہوئی ہے۔ اینڈرسن سے رہنمائی لوں گا۔ انہوں نے کہا کہ اینڈرسن ایک بہترین فاسٹ بولر ہیں جو دونوں طرف سوئنگ کے ماہر ہیں۔ پی ایس ایل کے دوران ثاقب محمود نے کائونٹی کرکٹ میں ریورس سوئنگ کے حوالیسے بتایا۔ پاکستانی بولرز بچپن سے ہی ریورس سوئنگ کرنا سیکھ جاتے ہیں۔ پاکستان میں بولرز کے لیے کنڈیشنز مشکل ہوتی ہیں ،جہاں ریورس سوئنگ کرنا ضروری ہوتاہے۔