رشی سوناک 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ سے بیوی بچوں سمیت فلیٹ منتقل

لندن ،اکتوبر۔وزیراعظم رشی سوناک 10ڈائوننگ سٹریٹ سے بیوی بچوں سمیت ملحقہ اس فلیٹ میں منتقل ہوگئے ہیں جس میں چانسلر کی حیثیت سے قیام پذیر تھے اور جس کی انھوں نے اپنی پسند کی مطابق تزئین وآرائش کرائی تھی، بہت سے وزیراعظم خاص طور پر جن کے بچے بھی تھے، 10 ڈائوننگ سٹریٹ کے بجائے ملحقہ 11 نمبر کے فلیٹ میں رہنے کو ترجیح دیتے رہے ہیں، اگست میں پارٹی کی قیادت کی دوڑ کے زمانے میں بھی رشی سوناک نے ٹائمز کو بتایا تھا کہ اگر وہ منتخب ہوگئے تو وہ اسی فلیٹ میں رہنے کو ترجیح دیں گے، جس میں وہ چانسلر کی حیثیت میں مقیم تھے۔ انھوں نے کہا تھا کہ ہم نے اس کو سجایا سنوارا ہے اور اسے خوبصورت بنا دیا ہے۔ بورس جانسن بھی وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد نمبر 11 والے فلیٹ میں قیام کرچکے ہیں کیونکہ 4 باتھ رومز والا یہ فلیٹ نمبر 10 سے بہت بڑا ہے۔ ٹونی بلیئر اور ان کی اہلیہ شیری اور ان کی فیملی نے سب سے پہلے اس میں رہنے کا فیصلہ کیا تھا، اس کے بعد گورڈن برائون جو غیر شادی شدہ تھے، اسی میں مقیم رہے۔ ڈیوڈ کیمرون اور ان کی اہلیہ سمنتھا کیمرون نے اس کی تزئین وآرائش کرائی تھی، اس فلیٹ کی تزئین وآرائش پر بہت زیادہ خرچ کردینے کی وجہ سے بورس جانسن کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے بعد کنزرویٹو پر 17,800 پونڈ جرمانہ کیا گیا تھا، تھریسا مے بھی اس میں منتقل ہونے کی خواہاں تھیں۔ وزیراعظم کو اپنی قیام گاہ کی تزئین وآرائش ومرمت کیلئے سالانہ 30,000 پونڈ کی گرانٹ دی جاتی ہے، تاہم بورس جانسن اور ان کی اہلیہ کیری نے اس کی تزئین وآ رائش پر 200,000 پونڈ خرچ کردیئے تھے، یہ رقم ابتدائی طورپر کیبنٹ آفس نے ادا کی تھی لیکن کنزرویٹو پارٹی کو عطیات دینے والے لارڈ برائون لو نے خرچ پورا کرنے کیلئے کنزرویٹو پارٹی کو 52,000پونڈ دے دیئے تھے جبکہ بورس جانسن نے دعویٰ کیا تھا کہ انھوں نے اخراجات اپنی جیب سے ادا کئے ہیں۔ الیکٹورل کمیشن نے لارڈ برائون لو کی جانب سے فلیٹ کی تزئین و آرائش کیلئے دی جانے والی رقم ظاہر نہ کرنے پر کنزرویٹو پارٹی پر جرمانہ کردیا تھا۔ اس سوال پر کہ کیا رشی سوناک اور ان کی فیملی اس فلیٹ کی دوبارہ تزئین وآرائش کرائے گی، وزیراعظم کے پریس سیکرٹری نے کہا کہ نہیں۔ سرکاری ویب سائیٹ کے مطابق 10 ڈائوننگ اسٹریٹ 1735 سے برطانوی وزرا اعظم کی رہائش گاہ کے طورپر استعمال ہوتا رہا ہے، اس کے 3 مقاصد ہیں، وزیراعظم کی سرکاری قیام گاہ، ان کے دفاتر اور وزیراعظم عالمی رہنمائوں کی خاطر و مدارات بھی اسی گھر میں کرتے ہیں۔ یہ باہر سے جتنا بڑا نظر آتا ہے، اس سے بہت بڑا ہے، نمبر 10 کی ایک اور اہم رہائشی وہاں کی بلی لیری ہے، جو 2011 سے اس میں مقیم ہے۔

 

Related Articles