راہل-پرینکا نے کانپور واقعہ کی سخت مذمت کی

نئی دہلی،فروری۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی کی اتر پردیش کی انچارج سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کانپور میں تجاوزات ہٹانے کے دوران ماں بیٹی کی خودکشی کے واقعہ کو دل دہلا دینے قرار دیتے ہوئے ریاستی حکومت کی کارروائی کی سخت مذمت کی ہے۔دونوں لیڈروں نے تجاوزات کے خلاف ریاستی حکومت پر بلڈوزر پالیسی کے تحت عوام پر ظلم کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ یہ دل دہلا دینے والا واقعہ ہے اور اس کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے۔مسٹر گاندھی نے ٹویٹ کیا جب طاقت کا گھمنڈ لوگوں کے جینے کا حق چھین لیتا ہے تو اسے آمریت کہتے ہیں۔ کانپور کے واقعہ سے دل غمگین ہے۔ یہ بلڈوزر پالیسی اس حکومت کی بربریت کا منہ بولتا ثبوت بن گئی ہے۔ ہندوستان کو یہ قبول نہیں۔اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے محترمہ واڈرا نے بھی کہا، بی جے پی حکومت کے بلڈوزر پرلگا غیر انسانیت کا چشمہ انسانیت اور حساسیت کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔ کانپور کے دلخراش واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ ہم سب کواس غیرانسانی فعل کے خلاف آواز اٹھانی ہوگی۔ کانپور کے متاثرہ خاندان کو انصاف ملنا چاہیے اور مجرموں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔

Related Articles