رام گوپال ورما مجھے فلم ’شول‘ میں کاسٹ نہیں کرنا چاہتے تھے، روینہ ٹنڈن
ممبئی،جنواری۔بالی ووڈ کی کئی ہٹ فلموں میں ہیروئن کا کردار ادا کرنے والی روینہ ٹنڈن نے انکشاف کیا ہے کہ رام گوپال ورما انہیں فلم ’شول‘ میں کاسٹ نہیں کرنا چاہتے تھے۔روینہ ٹنڈن نے بتایا کہ جب 1999 میں فلم شول کے لیے کاسٹ کی تلاش جاری تھی تو انھیں فلم کے رائٹر، پروڈیوسر اور بالی ووڈ کا بڑا نام رام گوپال ورما کو بڑی محنت سے راضی کرنا پڑا کہ وہ یہ کردار بخوبی نبھائیں گی۔ یاد رہے کہ بعد میں شول نے نیشنل فلم ایوارڈ برائے بیسٹ فیچر فلم (ہندی) کا ایوارڈ جیتا، فلم میں روینہ نے ایک ہاؤس وائف (گھریلو خاتون) کا کردار ادا کیا تھا۔ روینہ نے کہا کہ فلم کے ڈائریکٹر ایشور نواس تو میری بات سے مکمل طور پر متفق ہوگئے تھے کہ میں منجاری بھابی (بہار کے مخصوص پس منظر کی حامل ایک نچلے طبقے کی گھریلو خاتون) کا کردار کرلوں گی۔ تاہم رام گوپال ورما میری بات ماننے کو تیار نہ تھے، وہ صرف یہی کہتے تھے کہ نہیں روینہ، میں جب آنکھیں بند کرکے دیکھتا ہوں تو میں تمھیں انکھیوں سے گولی مارے دیکھتا ہوں، تو ہم یہ کیسے کرسکتے ہیں۔ یاد رہے کہ روینہ پر 1998 میں فلم دْلہے راجہ میں مشہور گیت انکھیوں سے گولی مارے فلمایا گیا تھا۔ روینہ کے مطابق چند روز بعد وہ میک روم سے منجاری بھابی جیسا میک اپ کراکر باہر نکلیں تو سامنے سے ورما جی آرہے تھے، میں نے انھیں ہیلو ہائے کیا جس پر وہ کچھ سوچتے ہوئے آگے نکل گئے۔تاہم کچھ لمحے بعد وہ پلٹے اور کہا کہ روینہ یہ تم تھیں، یہ کہنے کے بعد وہ مجھے یہ کیریکٹر دینے پر تیار ہوگئے۔