رام پورٹ ہاٹ واقعہ کسی بھی مجرم کو نہیں بخشا جائے گا:ممتا بنرجی

کلکتہ،مارچ۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج بیر بھوم ضلع کے رام پور ہاڈ کے بوگتوئی گاؤں جہاں ترنمول کانگریس کے پنچایت لیڈر کے قتل کے بعد دس افراد کو جلاکر ہلاک کردیا گیا ہے،کا دورہ کیا اور متاثر ین سے ملاقات کرنے کے بعد کہا کہ اس واقعے میں ملوث کسی بھی شخص کو بخشا نہیں جائے گا۔ممتا بنرجی نے ترنمول کانگریس کے بلاک لیڈر انیر الاسلام جو اس معاملے کے کلیدی ملزم ہیں کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔دو دن قبل بیر بھوم کے رام پور ہاٹ کے بوگتوئی گائوں میں ترنمول کانگریس پنچایت ڈپٹی چیف کے قتل کے بعد گھروں میں آگ لگادی گئی اور اس میں دس افراد ہلاک ہوگئے۔اپوزیشن جماعتیں اس معاملے کو لے کر وزیراعلیٰ ممتا بنرجی اور ترنمول کانگریس پر سوال اٹھارہے تھے۔کلکتہ ہائی کورٹ میں دو دو مفاد عامہ کی عرضیاں دائر کی گئی ہیں ۔کلکتہ ہائی کورٹ نے اس معاملے میں تفصیلی رپور ٹ طلب کی ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ٹوئیٹ کرکے اس پورے معاملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے ملزمین کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی ہے ۔وزیراعظم نے لکھا کہ میں ریاستی حکومت سے کہوں کا کہ مجرمان کو جلد سے جلد سزا دی جائے ۔ ممتا بنرجی نے اس پورے معاملے میں پولس اہلکاروں کی شدید سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ لاپرواہی برتنے والے پولس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور اس معاملے میں مرکزی ملزم ترنمول بلاک صدر انیرول کو گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ میں چاہتا ہوں کہ انیرول پولیس اسٹیشن جائے اور پولیس کے سامنے خودسپردگی کرے۔اگر وہ خودسپردگی نہیں کرتے ہیں تو پولس انہیں گرفتار کرنے کےلئے ہر ممکن کارروائی کرے گی ۔اس موقع پر بیر بھوم کے ضلع مجسٹریٹ بدھن رائے ممتا کے ساتھ موقع پر موجود تھے۔ممتا بنرجی نے کہا کہ جن لوگوں کے گھروں میں آگ لگائی گئی ہے انہیں گھر کی مرمت کےلئے ایک لاکھ روپے دئے جائیں گے ۔وزیرا علیٰ نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر دو لاکھ روپے بھی دئیے جائیں گے ۔ وزیر اعلیٰ نے زخمی تین بچوں کے لیے 50 ہزار روپے اور ایک بار کے شدید زخمیوں کے لیے ایک لاکھ روپے ادا کرنے کی ہدایت کی۔زخمیوں کا علاج رام پورہاٹ میڈیکل کالج و اسپتال میں کیا جا رہا ہے۔ شدید زخمی شخص کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے کلکتہ لے جانے کی وزیرا علیٰ نے ہدایت دی ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ ریاستی حکومت تمام زخمیوں کے علاج کی ذمہ داری لے گی۔” زخمیوں کو ایک لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔ تینوں بچوں کو آگ میں زخمی ہونے والوں سے 50ہزارروپے کم ادا کیے جائیں گے۔ وزیر اعلی نے کہاکہ میں جانتی ہوں کہ مالی معاوضہ یا ملازمت موت کا متبادل نہیں ہے۔ تاہم، ریاستی حکومت ہر خاندان کے ایک فرد کو ملازمت فراہم کرے گی، "انہوں نے کہاکہ متاثرہ خاندان کے ایک فرد کو پہلے 10ہزارروپے ماہانہ تنخواہ ملے گی۔ ایک سال کے اندر گروپ ’ڈی‘ میں مستقل ملازمت دی جائے گی۔

Related Articles