راشد ہندوستان کے خلاف وائٹ بال سیریز نہیں کھیلیں گے

لندن، جون۔عادل راشد ہندوستان کے خلاف انگلینڈ کی وائٹ بال سیریز اور یارکشائر کے لئے ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے کچھ میچ نہیں کھیل سکیں گے۔ اس دوران وہ حج پر جائیں گے۔ راشد کا تعلق مسلم کمیونٹی سے ہے اور انہوں نے اس سال کے شروع میں فیصلہ کیا تھا کہ وہ حج پر جائیں گے۔ اس کے لیے انہوں نے چھٹی مانگی تھی جسے ای سی بی اور یارکشائر نے قبول کر لیا ہے۔ وہ ہفتے کے روز روانہ ہوں گے۔ راشد کے جولائی کے وسط تک اپنے سفر حج سے واپس آنے کی امید ہے۔ تمام بالغ مسلمانوں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنی زندگی میں کم از کم ایک بار حج کریں۔ اگر وہ جسمانی طور پر استطاعت رکھتے ہیں اور ان کے پاس مالی وسائل ہے تو وہ کم از کم ایک بار اس حج پر جا سکتے ہیں۔ راشد نے کہا کہ میں کچھ عرصے سے حج پر جانا چاہتا تھا لیکن مصروفیت کے باعث اس کے لیے وقت نکالنا مشکل ہو رہاتھا۔ نیدرلینڈ کے خلاف 3-0 سے ون ڈے سیریز جیتنے کے بعد راشد نے کہا، میں نے ای سی بی اور یارکشائر سے اس بارے میں بات کی اور انہوں نے میری درخواست کو قبول کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ آپ جو بھی کرنا چاہتے ہیں کریں اور جب یہ مکمل ہوجائے تو واپس آجائیں۔ یہ ایک بڑا لمحہ ہے: ہر مذہب کے اپنے الگ الگ اصول ہیں لیکن اسلام اور مسلمان ہونے کے ناطے یہ سب سے بڑی چیزوں میں سے ایک ہے۔ یہ میرے ایمان اور میرے لیے بہت بڑی بات ہے۔ہم سب مختلف پس منظر اور مختلف ممالک سے ہیں – یہ ایک بہت متنوع ٹیم ہے لیکن ہر کوئی ایک دوسرے کا بڑے پیمانے پر احترام کرتا ہے۔ اس ماحول کو بنانے کا بہت بڑا کریڈٹ مورگن کو جاتا ہے۔ راشد کی عدم موجودگی سے میٹ پارکنسن کو بھارت کے خلاف محدود اوورز کی سیریز میں کھیلنے کا موقع ملنے کا امکان ہے۔

Related Articles