راج ناتھ بدھ کو رچرڈ مارلے کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گے
نئی دہلی، جون۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ بدھ کو آسٹریلیا کے نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع رچرڈ مارلے کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گے، جس میں بنیادی طور پر دفاعی تعاون پر تفصیل سے بات کی جائے گی۔منگل کو جاری ایک بیان میں وزارت دفاع نے کہا کہ مسٹر سنگھ بدھ کو ہندوستان کے دورے پر آئے مسٹر مارلے کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گے۔ بات چیت کے دوران دونوں وزراء دفاعی تعاون کا جائزہ لیں گے اور دوطرفہ تبادلوں کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات کا جائزہ لیں گے۔ ملاقات میں مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔مسٹر مارلے چار روزہ دورے کے پہلے مرحلے پر پیر کو گوا پہنچے تھے۔ انہوں نے آج گوا شپ یارڈ لمیٹڈ کا دورہ کیا اور بعد میں نیول بیس آئی این ایس ہنسا کا بھی دورہ کریں گے۔ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان جون 2020 سے ایک جامع اسٹریٹجک شراکت داری ہے اور دفاعی شعبہ اس کا ایک اہم ستون ہے۔ یہ شراکت داری ایک آزاد، کھلے، جامع اور خوشحال ہند-بحرالکاہل خطے کے نظریے پر مبنی ہے۔ دونوں جمہوری ممالک پورے خطے میں امن اور خوشحالی کے لیے مشترکہ مفادات رکھتے ہیں۔