راج ناتھ اگنی پتھ اسکیم کے بارے میں پارلیمانی کمیٹی کو مطلع کریں گے
نئی دہلی، جولائی ۔اگنی پتھ اسکیم کی مخالفت کے دوران وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ پیر کو دفاع سے متعلق پارلیمانی مشاورتی کمیٹی کو تینوں خدمات میں فوجیوں کی بھرتی کے لیے شروع کی گئی اسکیم کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کریں گے۔ وزارت دفاع نے جمعرات کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ دفاع سے متعلق پارلیمانی مشاورتی کمیٹی کا اجلاس 11 جولائی کو ہوگا۔ میٹنگ میں مسٹر سنگھ کمیٹی کے اراکین کو حال ہی میں شروع کی گئی اگنی پتھ اسکیم کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں بریف کریں گے۔ اس اسکیم کے ذریعے اب تینوں فوجوں میں سپاہی بھرتی کیے جائیں گے۔ اجلاس میں سیکرٹری دفاع، تینوں افواج کے سربراہان اور وزارت دفاع کے دیگر اعلیٰ حکام کی شرکت متوقع ہے۔ واضح رہے کہ 14 جون کو حکومت نے اگنی پتھ اسکیم کا اعلان کیا تھا۔ اس میں بھرتی ہونے والے سپاہیوں کو اگنی ویر کہا جائے گا اور ان کی مدت کار صرف چار سال ہوگی۔ اس اسکیم کے خلاف پورے ملک میں مظاہرے اور ایجی ٹیشن کیے گئے، جس کے بعد حکومت نے اگنی ویروں کو اس میں شامل ہونے کی ترغیب دینے کے لیے کئی فیصلوں اور اقدامات کا اعلان کیا ہے۔