دہلی کو ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں پوری دنیا کے لیے ماڈل بنائیں گے: کیجریوال

نئی دہلی، اگست ۔دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ ہم نے دہلی کو تعلیم، صحت میں عالمی معیار کا ماڈل دیا ہے اور اب ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں دہلی کو پوری دنیا کا ماڈل بنائیں گے۔بدھ کو راج گھاٹ بس ڈپو-2 سے 97 لو فلور الیکٹرک اے سی بسوں کو جھنڈی دکھا کر روانہ کرنے کے بعد مسٹر کیجریوال نے کہا کہ ان بسوں کو ڈی ٹی سی کے بیڑے میں شامل کرنے سے دہلی حکومت کی آلودگی کے خلاف مہم کو تقویت ملے گی۔ آہستہ آہستہ ہم بسوں کی وجہ سے آلودگی کو دور کر رہے ہیں اور ہم سڑکوں پر الیکٹرک بسیں لارہے ہیں۔ ہم نے دہلی میں تعلیم اور صحت میں عالمی معیار کا ماڈل دیا ہے۔ اب ٹرانسپورٹ کے شعبے میں دہلی کو پوری دنیا کا ماڈل بنایا جائے گا۔ ہم دوسرے ممالک کے جدید ٹرانسپورٹ سسٹم کو اپنائیں گے اور دہلی کو بہترین ٹرانسپورٹ ماڈل کے طور پر پیش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت دہلی میں 153 الیکٹرک بسیں چل رہی ہیں۔ آج بیڑے میں مزید 97 ای بسوں کے اضافے کے ساتھ ان کی تعداد 250 ہو گئی ہے۔ نومبر 2023 تک مزید 1500 ای-بسیں آئیں گی اور بیڑے میں 1800 ای-بسوں کے ساتھ دہلی ملک کا واحد شہر بن جائے گا جہاں سب سے زیادہ الیکٹرک بسیں ہوں گی۔ سال 2025 کے آخر تک محکمہ ٹرانسپورٹ میں بسوں کی کل تعداد 10,380 ہو جائے گی جن میں سے تقریباً 80 فیصد (8180) الیکٹرک بسیں ہوں گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بس ڈپو میں بھی بہت تیزی سے الیکٹریفیکیشن کی جا رہی ہے کیونکہ اگر الیکٹرک بسیں آئیں گی تو انہیں چارجنگ اسٹیشن کی ضرورت ہوگی۔ ہم نے منصوبہ بنایا ہے کہ دہلی کے 55 بس ڈپو میں چارجنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔ اب تک تین بس ڈپووں پر چارجنگ اسٹیشن لگائے گئے ہیں۔ اگلے سال تک 17 بس ڈپوز میں چارجنگ اسٹیشن لگائے جائیں گے اور 2023 کے آخر تک تمام 55 بس ڈپو تیار ہو جائیں گے۔ 2025 تک دہلی میں الیکٹرک بسوں کے لیے 18 ہزار چارجنگ پوائنٹس تیار ہو جائیں گے۔ جس رفتار کے ساتھ بس ڈپو کو برقی کیا جا رہا ہے یہ بڑی خوشی کی بات ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ کیلاش گہلوت نے کہا کہ مسٹر کیجریوال کی دور اندیش قیادت میں دہلی میں پبلک ٹرانسپورٹ نے آج ایک اہم سنگ میل حاصل کیا ہے۔ آج مزید 97 الیکٹرک بسوں کے اضافے کے ساتھ دہلی کے پاس اب 250 الیکٹرک بسیں ہیں، جو پبلک ٹرانسپورٹ کے بیڑے میں کل بسوں کا 3.4 فیصد بنتی ہیں۔ 2025 تک دارالحکومت میں مزید 7930 الیکٹرک بسیں شامل کی جائیں گی، جس کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کے بیڑے میں الیکٹرک بسوں کا حصہ تقریباً 80 فیصد ہو جائے گا۔ ہم دہلی کی پبلک ٹرانسپورٹ کو تمام شہریوں کے لیے انتہائی قابل اعتماد اور آلودگی سے پاک بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

 

Related Articles