دہلی کرائم سیزن 2: کیا دہلی پولیس نئے خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہے؟
ممبئی،جولائی۔آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس کی مشہور ڈرامہ اور کرائم سیریز ‘دہلی کرائم’ ایک نئے جرم کی کہانی کے ساتھ ایک بار پھر شائقین کو محظوظ کرنے کے لیے تیار ہے۔بہترین ڈرامہ سیریز کا ایمی ایوارڈ حاصل کرنے والی سیریز ‘دہلی کرائم’ کے سیزن ٹو کا آفیشل ٹیزر جمعے کو جاری کر دیا گیا ہے۔نیٹ فلکس انڈیا نے جاری کردہ ٹیزر کیکیپشن میں لکھا کہ "ایک خوف ناک خطرے نے دہلی کو حیرت میں مبتلا کر دیا ہے، کیا دہلی پولیس اس نئے خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہے؟”‘دہلی کرائم سیزن 2’ 26 اگست کو نیٹ فلکس پر ریلیز کیا جائے گا۔اس سیزن میں بھی اداکارہ شیفالی شاہ ڈی سی پی ورتیکا چترویدی کا کردار ادا کر رہی ہیں جب کہ ان کے ساتھ اداکارہ رسیکا دوگل آئی پی ایس آفیسر کا کردار ادا کر رہی ہیں جو سیزن ون میں آئی پی ایس ٹرینی کے روپ میں نظر آئی تھیں۔سیزن ٹو کے ٹیزر میں بظاہر لگتا ہے کہ اس بار کرائم کی کہانی دہلی کی بستیوں میں رہنے والے طبقے کے گرد گھومتی ہے جو امیروں کے لیے کام کرتا ہے۔یاد رہے کہ ‘دہلی کرائم’ کا پہلا سیزن 22 مارچ 2019 کو نیٹ فلکس پر ریلیز کیا گیا تھا۔ جس کی کہانی سن 2012 میں دہلی میں ہونے والے ایک گینگ ریپ کے گرد گھومتی ہے۔سیریز میں دکھایا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر ورتیکا چترویدی اپنی ٹیم کی مدد سے گینگ ریپ کا شکار ہونے والی لڑکی کے مجرمان کو پکڑتی ہے۔اس سیریز نے سن 2020 میں ٹیلی وڑن کی دنیا کا سب سے معتبر ‘ایمی ایوارڈ’ حاصل کیا تھا اور یہ ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی بھارتی سیریز ہے۔