دورہ سعودی عرب سے عربوں کیساتھ تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوا: شی جن پنگ
ریاض،دسمبر۔ چینی صدر شی جن پنگ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ان کا سعودی عرب کا دورہ عرب دنیا کے ساتھ چین کے تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا عرب دنیا ترقی پذیر ممالک کی صفوں کا ایک اہم رکن ہے۔ انہوں نے الریاض اخبار کے ایک مضمون میں مزید کہا کہ چین خلیج تعاون کونسل کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور اس کی مصنوعات کا سب سے بڑا درآمد کنندہ ہے۔ انہوں نے کہا سعودی عرب نے اقتصادی اور سماجی تنوع کے لیے مثبت نتائج حاصل کیے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سعودیہ نے گرین مڈل ایسٹ اور گرین سعودی عرب جیسے اہم اقدامات شروع کیے ہیں۔ بیجنگ عرب ممالک کی اپنی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جمعرات کو چینی صدر شی جن پنگ کا سعودی شاہی عدالت میں استقبال کیا، چینی صدر بدھ کو سعودی عرب پہنچے۔ ان کا دورہ آج جمعہ تک جاری رہے گا۔ اس دورہ کے دوران تین اہم سربراہی اجلاسوں کا انعقاد کیا گیا ہے۔دریں اثنا چینی خبر رساں ایجنسی ڑنہوا کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چینی فریق نے سعودی عرب کو چینی سیاحتی گروپوں کے لیے سمندر پار مقامات کی فہرست میں شامل کرنے، دونوں ملکوں کے درمیان لوگوں کے تبادلے کو بڑھانے اور ثقافتی تبادلوں پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق جمعرات کو شی جن پنگ اور شہزادہ محمد بن سلمان کی ملاقات کے دوران کیا گیا۔دورے کے موقع پر دونوں ممالک میں مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے دستیاب وسائل کی سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت، مشترکہ دلچسپی کے امور پر بھی گفتگو کی گئی۔مختلف دو طرفہ معاہدوں کے ساتھ ساتھ سعودی عرب کے وڑن 2030 اور چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے درمیان ہم آہنگی کا منصوبہ پر بھی اتفاق کیا گیا۔