دوحہ: ’عثمان بے‘ کی جھلک دیکھنے کیلئے مداحوں کی بڑی تعداد جمع

دوحہ،دسمبر۔عظیم سلطنتِ عثمانیہ پر بننے والی مشہور ترک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کے سیکوئل ’کورولس عثمان‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے تْرک اداکار بوراک اوزچیوت کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے گزشتہ روز دوحہ میں مداحوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی۔بوراک اوزچیوت نے گزشتہ روز فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ پر مداحوں کو اپنے دورۂ قطر کے بارے میں اطلاع دی تھی۔تْرک اداکار اپنے بتائے ہوئے وقت کے مطابق جب دوحہ کے کٹارا کلچرل ولیج پہنچے تو وہاں ان کا استقبال کرنے کے لیے ان کے مداح بہت بڑی تعداد میں پہلے سے ہی موجود تھے۔اْنہوں نے اپنے اس دورۂ قطر سے کچھ تصاویر اور ویڈیوز اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر بھی شیئر کی ہیں۔ان تصاویر اور ویڈیوز میں مداحوں کو اداکار کی ویڈیوز بناتے اور اْن سے بات کرنے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔بوراک اوزچیوت اتنی بڑی تعداد میں آئے اپنے تمام مداحوں سے مل تو نہیں سکے لیکن اْنہوں نے ہاتھ ہلا کر سب کا شکریہ ادا کیا اور وہاں سے نکلتے ہوئے اتنے بڑے ہجوم میں کچھ لوگوں کو آپس میں ٹکراتا دیکھ کر اور چیخوں کی آواز سن کر سب کو محتاط رہنے کو کہا اور پھر وہاں سے آگے بڑھ گئے۔واضح رہے کہ بوراک اوزچیوت کو سلطنتِ عثمانیہ کے بانی عثمان غازی کی زندگی پر مبنی تاریخی تْرک سیریز ’کورولس عثمان‘ کے مرکزی کردار سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں شہرت حاصل ہوئی ہے۔

 

Related Articles