دنیا میں آیوش مصنوعات کی مانگ بڑھ رہی ہے: مودی
نئی دہلی، جولائی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو کہا کہ پوری دنیا میں آیوش مصنوعات کی مانگ مسلسل بڑھ رہی ہے اور اس کی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔اتوار کو آل انڈیا ریڈیو پر اپنے ماہانہ پروگرام من کی بات کے 91 ویں ایڈیشن میں ہم وطنوں سے خطاب کرتے ہوئے مسٹرمودی نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران دنیا بھر میں آیوش مصنوعات کی دلچسپی دیکھی گئی ہے۔ کورونا کے خلاف باشندگان وطن کی لڑائی ابھی جاری ہے۔ پوری دنیا آج بھی جدوجہد کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مجموعی صحت کی دیکھ بھال میں لوگوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی نے وبائی مرض سے نمٹنے میں ہر ایک کو بہت مدد فراہم کی ہے۔ اس میں ہندوستانی روایتی طریقے کارآمد ہیں۔مسٹر مودی نے کہا، کورونا کے خلاف لڑائی میں آیوش نے توعالمی سطح پر ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔ دنیا بھر میں آیوروید اور ہندوستانی ادویات کی طرف کشش بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے آیوش کی برآمدات میں ریکارڈ تیزی آئی ہے اور اس میدان میں بہت سے نئے اسٹارٹ اپس سامنے رہے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ حال ہی میں گلوبل آیوش انویسٹمنٹ اینڈ انوویشن سمٹ کا انعقاد کیا گیا۔ اس میں تقریباً دس ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تجاویز موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے دور میں ادویاتی پودوں پر تحقیق میں بھی کافی اضافہ ہوا ہے۔ اس بارے میں کافی تحقیق شائع ہو رہی ہے یقیناً یہ ایک اچھی شروعات ہے۔مسٹر مودی نے کہا، ملک میں مختلف قسم کے دواؤں کے پودوں اور جڑی بوٹیوں کے حوالے سے ایک اور بہترین کوشش ہوئی ۔ انڈین ورچوئل ہربیریم ابھی جولائی میں ریلیز ہوا تھا۔ یہ ڈیجیٹل تجربے کی ایک مثال ہے جس سے ہم اپنی جڑی بوٹیوں سے جڑے رہ سکتے ہیں۔ یہ ہندوستانی پودوں اور ان کے پھولوں، پتوں اور مختلف حصوں کے بارے میں ایک دلچسپ مجموعہ ہے۔ اس میں ایک لاکھ سے زیادہ نسلوں اور ان کے بارے میں معلومات اکٹھی کی گئی ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ہندوستانی حیاتیاتی تنوع کا ایک بھرپور مجموعہ ہے جس سے تحقیق کو فروغ ملے گا۔