دل والے دلہنیا لے جائیں گے’ایک بار پھر بھارتی سنیما گھروں میں پیش
ممبئی،فروری۔بالی وڈ کی 90 کی دہائی کی مشہور فلم ‘دل والے دلہنیا لے جائیں گے’ آج بھی فلم بینوں کی پسندیدہ فلموں میں سے ایک ہے۔ اب اس فلم کو ایک بار پھر سنیما گھروں میں ریلیز کیا جا رہا ہے۔بھارت میں ویلینٹائن ڈے کی مناسبت سے ملک کے تقریباً 37 شہروں میں اس فلم کو پیش کیا جا رہا ہے۔پروڈکشن کمپنی ‘یش راج فلمز ‘نے جمعے کو ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ‘دل والے دلہنیا لے جائیں گے’ 10 فروری سے 17 تک بھارت بھر کے سنیما میں دیکھی جا سکے گی۔خبروں مطابق یش راج فلمز کے نائب صدر روہان ملہوترا کا کہنا ہے "ہمیں رواں برس مداحوں اور فلم بینوں کی جانب سے مسلسل اس فلم کو سنیما میں پیش کرنے کی درخواست کی جا رہی تھی جسے دیکھتے ہوئے ویلینٹائن ڈے پر مداحوں کی اس خواہش کو پورا کیا جا رہا ہے۔”یش راج فلمز کے مطابق ‘دل والے دلہنیا لے جائیں گے’ کو ممبئی، پونے، احمد آباد، سورت، فرید آباد، لکھنؤ، حیدرآباد اور چنئی سمیت 37 شہروں میں ریلیز کیا جائے گا۔بالی وڈ کی یہ فلم 1995 کی بلاک بسٹر فلم تھی جو بھارتی سنیما کی تاریخ میں طویل عرصے تک سنیما گھروں میں دکھائی جانے والی فلم ہے۔’ڈی ڈی ایل جے’ کی نمائش اب بھی ممبئی کے مراٹھا مندر تھیٹر میں جاری ہے۔’دل والے دلہنیا لے جائیں گے’ نے دنیا بھر سے دو ارب بھارتی روپے کا کاروبار کیا تھا۔بھارت میں شائقینِ فلم سنیما گھروں میں اپنے پسندیدہ ہیرو شاہ رخ خان کی فلم ‘پٹھان’ اور ‘دل والے دلہنیا لے جائیں گے’ دونوں سے محظوظ ہو سکیں گے۔پچیس جنوری کو شاہ رخ خان کی فلم ‘پٹھان’ ریلیز کی گئی تھی جس نے باکس آفس پر ریکارڈ توڑ بزنس کیا تھا اور اس فلم کی نمائش تاحال جاری ہے۔