دفعہ370 کی تنسیخ کے بعد جموں وکشمیر سیاحت کا مرکز بن گیا ہے:ترون چگ
جموں،مارچ۔بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ترون چگ کا کہنا ہے کہ دفعہ370 کی تنسیخ کے بعد جموں وکشمیر سیاحت کا مرکز بن گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں75 نئے سیاحتی مقامات کی نشاندہی ہوئی ہے جس کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا مبارکبادی کے مستحق ہیں۔موصوف جنرل سکریٹری نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ٗ جب سے مودی جی نے سال2019میں دفعہ370 کو ہٹایا تب سے جموں و کشمیر ٹریرزم کے مرکز کے بجائے ٹورزم کا مرکز بن گیا ہےٗ۔ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر میں75 نئے سیاحتی مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جس کے لئے میں وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کو مبارک باد دیتا ہوں جنہوں نے اس کو دنیا کے بڑے بڑے سیاحتی ممالک کے ساتھ جوڑا۔مسٹر چگ نے کہا کہ دنیا بھر سے یہاں سیاح آتے ہیں اور ایشیا کا سب سے بڑا ٹلپ باغ سری نگر میں ہی واقع ہے جہاں بھاری تعداد میں سیاح آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے ہر کونے میں سیاحوں کو پہنچانے کے لئے یہاں کی سرکار کوشاں ہے۔