خواتین ورلڈ کپ فائنل کے لئے نروس ہونا اچھی بات: لیننگ

کرائسٹ چرچ، اپریل۔آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان میگ لیننگ خوش ہیں کہ اتوار کو انگلینڈ کے خلاف ہونے والے آئی سی سی خواتین کرکٹ ورلڈ کپ 2022 کے فائنل سے پہلے ان کی ٹیم نروس ہے۔ وہ اپنے کھلاڑیوں سے توقع کر رہی ہیں کہ وہ نروس ہونے کے ساتھ ساتھ اپنے جوش و خروش میں بھی اضافہ کریں، کیونکہ وہ انگلینڈ سے ٹائٹل چھین کر ساتواں ٹائٹل جیتنے کے قریب ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ آسٹریلیا 2022 کے خواتین ورلڈ کپ میں سب سے کنسسٹینٹ ٹیم رہی ہے، جس نے اپنے تمام آٹھ لیگ میچ جیتے ہیں، اس لیے لیننگ خطابی مقابلے میں ایک اور اچھی کارکردگی کی امیدکررہی ہیں۔ 2013 ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کی کپتان لیننگ نے ورلڈ کپ فائنل کے موقع پر ہفتہ کوکہا، ’’یقینی طور پر کچھ گھبراہٹ ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ اگر آپ ورلڈ کپ فائنل میں جانے سے پہلے گھبراتے نہیں ہیں تو یہ عجیب ہو گا، اس لئے یہ اچھی بات ہے۔ ٹیم میں کافی جوش و خروش ہے۔ یہ ہماری ٹیم کے لیے ایک بڑے پلیٹ فارم پر جانے اور اچھا کرکٹ کھیلنے کا بہترین موقع ہے۔ ہمیں لگتا ہے کہ ہم نے پورے ٹورنامنٹ میں خود کو تیار کیا ہے۔ ہمارے پاس بہت اچھا گیم پلان ہے اور اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے ٹیم میں کافی مہارت بھی ہے، لیکن دیکھنا یہ ہے کہ کل کیا ہوگا۔ آسٹریلوی کپتان نے کہا، ’’ہم جانتے ہیں کہ یہ مشکل ہونے والا ہے۔ انگلینڈ ہمیشہ سخت چیلنج دیتا ہے۔ ان کے پاس کچھ عالمی معیار کے کھلاڑی ہیں جوحقیقت میں بہت جلد کھیل کو آپ سے دورلے جاسکتے ہیں۔ یہ ہمارے لیے ایک بڑا چیلنج ہوگا اور یقیناً ہم اسے آسان نہیں لے رہے ہیں لیکن ہمیں یقین ہے کہ اگر ہم اپنی پوری کوشش کریں گے تو یہ ہمیں ایک اچھا موقع فراہم کرے گا۔

 

Related Articles