حکومت قواعد کے مطابق ہر موضوع پر بحث کے لیے تیار: پرہلاد جوشی

نئی دہلی، جولائی۔پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے مہنگائی کے مسئلہ پر بحث سے بھاگنے کے کانگریس لیڈر جے رام رمیش کے الزامات پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قواعد کے مطابق ہر مسئلہ پر بحث کے لئے تیار ہے، لیکن کانگریس مثبت بحث کے بجائے صرف خلل اور نقصان پہنچانا چاہتی ہے۔ مسٹر جوشی نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں نامہ نگاروں سے کہا کہ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کووڈ سے متاثر ہیں اور ان کے صحت یاب ہو کر پارلیمنٹ میں آتے ہی مہنگائی کے مسئلہ پر بات کی جائے گی۔پارلیمانی امور کے وزیر نے کہا کہ بہرحال مہنگائی کے مسئلہ پر بحث کرنے کا فیصلہ راجیہ سبھا کے چیئرمین اور لوک سبھا کے اسپیکر کو کرنا ہے، لیکن اپوزیشن اس پر توجہ نہیں دے رہی ہے۔ یہ غیر پارلیمانی ہے۔ کووڈ کے وقت جب حکومت نے وقفہ سوالات نہ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا تھا، اپوزیشن نے کہا تھا کہ وقفہ سوالات پارلیمنٹ کی لائف لائن ہے اور اب اپوزیشن وقفہ سوالات کو چلنے نہیں دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس صرف خلل پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور اہم موضوعات پر بحث کا ارادہ نہیں ہے۔خیال ر ہے کہ مسٹر رمیش نے ٹویٹ کیا تھا، ’’آج صبح راجیہ سبھا میں کانگریس کی قیادت والی اپوزیشن نے قیمتوں میں اضافے اور کھانے پینے کی اشیاء پر عائد جی ایس ٹی پر فوری بحث کا مطالبہ کیا۔ حکومت نے اس سے انکار کر دیا۔ ایوان کی کارروائی دوپہر دو بجے تک ملتوی کر دی گئی۔ مودی سرکار کی ضد جاری ہے۔ پارلیمنٹ میں کام نہیں ہوپا رہا ہے۔پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس پیر کو شروع ہوا تھالیکن مہنگائی کے مسئلہ پر بحث کے مطالبے پر اپوزیشن کے اڑے رہنے کی وجہ سے کارروائی میں مسلسل خلل پڑ رہا ہے۔

Related Articles