حکومت سرمایہ کاری لانے کے لیے ہر قدم اٹھانے کے لیے تیار: سیتا رمن
نئی دہلی، ستمبر۔ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے آج کہا کہ غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کاروں نے حالیہ مہینوں میں ملک کے سرمایہ بازار میں بہت زیادہ سرمایہ کاری کی ہے اور مودی حکومت ملک میں مزید سرمایہ کاری لانے کے لیے ہر قدم اٹھانے کے لیے تیار ہے۔محترمہ سیتا رمن نے پوسٹ پانڈیمک: ریپرپوزنگ انڈیا تھیم پر ہیرو انٹرپرائز کی مائنڈ مائن انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام دو روزہ 15ویں مائنڈ مائن سمٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پوری دنیا کے عالمی سرمایہ کار ہندوستان کو سرمایہ کاری کا ایک بہتر سنٹر سمجھ رہے ہیں اور اس کے نتیجے میں حال ہی میں اسٹاک مارکیٹ میں تیزی آئی ہے۔ اس سے مارکیٹ میں خوردہ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔خیال ر ہے کہ اگست کے مہینے میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے 51,000 کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی تھی اور موجودہ مہینے میں بھی وہ اب تک 5600 کروڑ روپے کی خریداری کر رہے ہیں۔محترمہ سیتا رمن نے کہا کہ مرکزی حکومت ملک میں سرمایہ کاری لانے کے لیے ہر قدم اٹھانے کے لیے تیار ہے۔ ملک کی نجی صنعت کی حوصلہ افزائی اور معاونت کے لیے پی ایل آئی جیسی اسکیمیں شروع کی گئی ہیں اور ٹیکس کی شرح میں بھی کمی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پالیسیوں کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ وزیر خزانہ نے صنعتی دنیا سے سوال کیا کہ انہیں مینوفیکچرنگ سیکٹر میں داخل ہونے سے کون روک رہا ہے، جب کہ دیگر ممالک مینوفیکچرنگ سیکٹر میں ہندوستان کے داخلے کے بہت خواہش مند ہیں۔ وزیر خزانہ نے انڈسٹری سے پوچھا کہ کیا انہیں خود پر یقین نہیں ہے؟