جے ڈی یو نتیش کی پارٹی نہیں ہے: اپیندر کشواہا

پٹنہ، فروری۔بہار میں جنتا دل یونائیٹڈ کی اندرونی کشمکش دن بدن بڑھتی جارہی ہے۔ اس دوران پارٹی کے کونسلر اپیندر کشواہا نے واضح طور پر کہا ہے کہ جے ڈی یو نتیش کمار کی پارٹی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پارٹی شرد یادو کی ہے جسے ہائی جیک کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نتیش کمار جو بول رہے ہیں وہ ان کی زبان نہیں ہے۔ جب پارٹی صدر للن سنگھ کے اس بیان کے بارے میں پوچھا گیا کہ وہ پارلیمانی بورڈ کے چیئرمین نہیں ہیں تو کشواہا نے کہا کہ میں پہلے ہی کہہ رہا ہوں کہ جے ڈی یو نے مجھے جھنجھنا تھما دیا ہے اور اب یہ ثابت ہو گیا ہے جب جے ڈی یوصدر للن سنگھ نے کہا کہ میں اب جے ڈی یو کے پارلیمانی بورڈ کا رکن نہیں ہوں، جب کہ اس کا صدر بننے کے بعد میرے نام ایک خط آیا ہے، جس میں واضح طور پر لکھا ہے کہ اوپیندر کشواہا پارلیمانی بورڈ کے صدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پارٹی نتیش کمار کی نہیں ہے، جو مجھے پارٹی چھوڑنے کے لیے کہہ سکتے ہیں۔ یہ پارٹی شرد یادو کی ہے، جنہیں باہر دھکیل دیا گیا اور پارٹی پر قبضہ کر لیا گیا۔ انہوں نے منگل کو ایک بار پھر کہا کہ پہلے یہ بتایا جائے کہ جے ڈی یو کا آر جے ڈی کے ساتھ کیا سودا ہے۔ عوام اور پارٹی کارکنوں کے ذہنوں میں اس کو لے کر اندیشہ ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نتیش کمار سینئر لیڈر ہونے کے باوجود عام لوگوں میں یہ بات زیر بحث بن گئی ہے کہ وہ اپنی سہولت کے مطابق کبھی اس اتحاد میں چلے جاتے ہیں اور کبھی اس میں۔ انہیں یہ دیکھنا چاہیے۔ نتیش کمار کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا کہ دوسروں پر بولنے کے بجائے پہلے اپنے اندر جھانکنا چاہیے۔

Related Articles