جیف بیزوس نے معروف گلوکارہ کو 100 ملین ڈالر کا ایوارڈ دے دیا

نیو یارک،نومبر۔ ایمازون کے بانی جیف بیزوس نے حال ہی میں گلوکارہ ڈولی پارٹن کو اپنے ہمت اور تہذیبی ایوارڈ کے تازہ ترین وصول کنندہ کے طور پر نامزد کیا ہے۔ بیزوس نے میوزک لیجنڈ کو 100 ملین ڈالر سے نوازا ہے تاکہ وہ اپنے منتخب کردہ خیراتی اداروں میں یہ رقم تقسیم کرسکیں۔ جیف بیزوس نے ڈولی پارٹن کو ‘ایک ایسی عورت کے طور پر بیان کیا جو محبت کے ساتھ رہنمائی کرتی اور دل سے خیرات کرتی ہے۔ جیف بیزوس نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں کہا کہ گلوکارہ نے بچوں، تعلیم اور بہت سی دوسری چیزوں کے لیے جو کچھ کیا ہے، وہ ناقابل یقین ہے۔ جیف بیزوس نے اپنی پارٹنر لارین سانچیز کے ساتھ مل کر اس ایوارڈ کا اعلان کیا۔گلوکار نے جیف بیزوس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنا پیسہ جہاں میرا دل ہے وہاں لگانے کی کوشش کرتی ہوں اور مجھے لگتا ہے کہ آپ بھی ایسا ہی کرتے ہیں، میں اس رقم سے اچھے کام کرنے کی پوری کوشش کروں گی۔ ڈولی پارٹن ایک ایسی تنظیم چلاتی ہیں جو عالمی سطح پر بچوں میں کتابیں تقسیم کرتی ہے۔

Related Articles