’جوجیتا وہی سکندر‘ میں اکشے کو کیوں نہیں لیا گیا تھا؟
ممبئی، ستمبر۔بالی ووڈ سپر اسٹار اکشے کمار کا شمار آج فلم انڈسٹری کے مصروف اور معروف ترین اداکاروں میں ہوتا ہے، ان کی شہرت چار دانگ ہے، ابھی 2022 کے آٹھ ماہ گزرے ہیں لیکن ان کی تین اوپر تلے فلمیں ریلیز ہوچکی ہیں۔ان کی آئندہ آنے والی فلم، او ٹی ٹی ریلیز، ’کٹھ پتلی‘ ہے جس میں وہ اداکارہ راکول پریت سنگھ کے ساتھ نظر آئیں گے، یہ فلم 2 ستمبر کو ڈزنی ہاٹ اسٹار پر ریلیز ہوگی۔ جبکہ ایک اور فلم ’رام سیتو‘ کی تیاری جاری ہے جو کہ اکتوبر میں ریلیز ہوگی۔ان ساری باتوں کا مقصد یہ ہے اب اکشے اے لسٹر ہیں لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب 1992 میں ہدایتکار منصور نے انہیں اپنی فلم ’جو جیتا وہی سکندر‘ میں کاسٹ نہیں کیا۔ واضح رہے کہ اکشے نے اپنا بالی ووڈ کیریئر کا آغاز1991 میں فلم سوگند سے کیا، تاہم انہوں نے اگلے برس جو جیتا وہی سکندر کے لیے آڈیشن دیا، لیکن انہیں مسترد کردیا گیا۔ اس حوالے سے ایک انٹرویو میں اکشے کا کہنا تھا کہ میں نے اسکرین ٹیسٹ دیا، لیکن ناکام ہوا اور انہوں نے میری جگہ دیپک تجوری کو پسند کیا۔مذکورہ بالا فلم کے ڈائریکٹر منصور نے اکشے کے اس انٹرویو پر اپنے ردعمل میں کہا کہ اکشے کا یہ کہنا کہ انہیں فلم سے باہر نکال پھینکا، میرے لیے حیران کن ہے۔ ان میں صلاحیت تھی لیکن جس وقت انہوں نے اسکرین ٹیسٹ دیا تو وہ بالکل غیر متاثر کن تھا، لیکن اکشے نے اب جو کچھ کہا وہ سخت ناپسندیدہ ہے، اکشے نے اس کے بعد بھی مجھے فون کیا اور کہا تھا کہ آئیں اکٹھے کام کرتے ہیں، میں نے یہ کبھی نہیں کہا کہ وہ باصلاحیت نہیں ہیں۔