جرمنی کا میزائل ڈیفنس شیلڈ قائم کرنے پر غور

برلن،مارچ۔جرمن چانسلر اولاف شولس کا کہنا ہے کہ وہ جرمنی بھر کے لیے ایک ایسی میزائل ڈیفنس شیلڈ قائم کرنے پر غور کر رہے ہیں جیسی اسرائیل نے بھی اپنے دفاع کے لیے قائم کر رکھی ہے۔انہوں نے اتوار کی رات جرمن ٹی وی چینل اے آر ڈی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے یوکرین میں روسی فوجی مداخلت کے بعد سے جاری جنگ کے پس منظر میں کہا، ہم اس حوالے سے بات چیت کر رہے ہیں، ہم سب کو اس حوالے سے تیار ہونا چاہیے کہ ہمارے پڑوس میں ایک ملک اپنے مفادات کے لیے طاقت کا استعمال کرنے کو تیار ہے۔‘‘ جرمن چانسلر نے تاہم اربوں مالیت کے اس ممکنہ منصوبے کی کوئی تفصیلات نہیں بتائیں کیوں کہ ان کا کہنا تھا کہ اس بارے میں کوئی حتمی فیصلہ ابھی تک نہیں کیا گیا۔جرمن اخبار بِلڈ‘ نے اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں کہا تھا کہ جرمنی اسرائیل سے دو ارب یورو (2.2 ارب ڈالر) مالیت کا ایرو تھری‘ سسٹم خریدنے کے بارے میں سوچ رہا ہے۔اسرائیل کا یہ ایرو تھری‘ سسٹم لانگ رینج بیلسٹک میزائلوں کو تباہ کر دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ سسٹم زمین سے کافی اوپر، حتیٰ کہ سٹریٹوسفیئر میں بھی کام کرتا ہے۔ اگر جرمنی نے یہ میزائل ڈیفنس سسٹم خرید لیا، تو وفاقی جرمن فوج کی دفاعی صلاحیتوں میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔ یہ سسٹم اسرائیل ہی کے آئرن ڈوم‘ نامی اس ڈیفنس سسٹم سے مختلف ہے، جو شارٹ رینج میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کرنے کے لیے بہت مؤثر ہے۔چانسلر شولس نے روس کے یوکرین پر حملے کے بعد وفاقی جرمن فوج کو مزید مضبوط بنانے کے ارادے سے 100 ارب یورو کے خصوصی فنڈ کا اعلان بھی کیا ہے۔ جرمن وزارت دفاع کا کہنا ہے، یہ مالیاتی منصوبہ ابھی تیار کیا جا رہا ہے، جسے پارلیمان میں پیش کیا جانا ہے۔ لہٰذا ابھی اس کی کوئی تفصیلات عوامی سطح پر نہیں بتائی جا سکتیں۔‘‘دفاعی امور کے ماہر جرمن قانون ساز ابھی کل اتوار کے روز ہی اسرائیل کے ایک دورے پر تھے، تاکہ اس دفاعی نظام کے بارے میں مزید معلومات حاصل کر سکیں۔چانسلر شولس نے یہ بھی کہا کہ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے رکن ممالک اپنی دفاعی صلاحیتوں کو واضح طور پر مزید بہتر بنائیں گے۔ اولاف شولس نے کہا کہ نیٹو اتحاد خود کو اتنا مضبوط بنائے گا کہ کوئی اس پر حملہ کرنے کا سوچ بھی نہ سکے۔وفاقی جرمن چانسلر شولس نے ماسکو کی جانب سے یوکرین کی جنگ میں کیمیائی ہتھیاروں کے ممکنہ استعمال کے خلاف تنبیہ کرتے ہوئے روسی صدر پوٹن کو خبردار بھی کیا کہ وہ ایسا سوچنے سے بھی پرہیز کریں۔ اولاف شولس نے کہا کہ پوٹن ایسا سوچیں بھی مت۔‘‘

Related Articles