جب شاہ رخ ’سب سے بڑے سپر سٹار کے طور پر ریٹائر ہوں گے تو ان کی جگہ کون لے گا؟‘

ممبئی۔فروری۔بالی وڈ سپر سٹار شاہ رخ خان نے پیر کے روز ٹوئٹر سیشن کے دوران اپنی ریٹائرمنٹ کے بارے میں ایک دلچسپ جواب دیا۔ٹوئٹر پر #AskSRK سیشن کے دوران 57 سالہ شاہ رخ نے کہا کہ اگر انھیں اداکاری سے نکال بھی دیا جائے تو وہ اور زیادہ ’نکھر‘ کر واپس آئیں گے۔انھوں نے کہا کہ ’میں اداکاری سے کبھی ریٹائر نہیں ہوں گا۔ مجھے پیچھے ہٹنا پڑا تو شاید میں اس سے بہتر ہو کر واپس آؤں۔‘ایک مداح نے ان سے پوچھا تھا کہ جب وہ بالی وڈ کے سب سے بڑے سپر سٹار کے طور پر ریٹائر ہوں گے تو ان کی جگہ کون لے گا؟ انہوں نے کہا کہ وہ اداکاری کرتے رہیں گے۔شاہ رخ خان ان دنوں اپنی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’پٹھان‘ کی بلاک بسٹر کامیابی کا جشن منا رہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ بطور اداکار وقت کے ساتھ ان میں تبدیلی آئی ہے۔ایک مداح نے پوچھا کہ وہ کونسے کردار نبھانا پسند کرتے ہیں، تو انھوں نے کہا کہ ’اب میں ان کرداروں میں آنا چاہتا ہوں جن میں میرے خیال میں لوگ مجھے دیکھنا چاہتے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ میری پرورش ایک اداکار کے طور پر ہوئی ہے۔ اب میری ذاتی ترجیح آہستہ آہستہ ختم ہو رہی ہے۔‘جب وہ فلموں سے دور ہوتے ہیں تو کیا کرتے ہیں؟ اس سوال پر شاہ رخ نے کہا کہ ’میں گھر میں وہ تمام فلمیں دیکھتا ہوں جنھیں میں فلمساز کے طور پر نہیں بلکہ ناظر کے طور پر دوبارہ دیکھ سکتا ہوں۔‘فرانس سے ایک مداح کے پوچھے جانے پر کہ وہ اپنی فلموں کے بارے میں کیا کہنا چاہیں گے جو دنیا بھر سے ہر طرح کے لوگوں کو یکجا کرتی ہیں، شاہ رخ نے کہا کہ ’اصل میں تو سب ایک ہوتے ہیں…ایک اچھی فلم تو بس یکجہتی کے ساتھ خوشی ظاہر کرنے کا ایک ذریعہ ہے۔‘گزشتہ ماہ ریلیز ہونے والی فلم ’پٹھان‘ میں شاہ رخ خان چار سال بعد لیڈ رول میں سکرین پر نظر آئے ہیں۔اس فلم کو یش راج فلمز نے پروڈیوس کیا ہے اور ڈائریکٹر سدھارتھ آنند ہیں۔ عالمی باکس آفس پر اس فلم کے 1000 کروڑ روپے کمانے میں بس تھوڑی سی کسر باقی ہے۔

Related Articles