جب سری دیوی نے جھانوی کپور کو ہندی نہ آنے پر ٹرول کیا تھا
ممبئی،مارچ۔جھانوی کپور بھلے ہی بالی ووڈ میں بہت سارے پروجیکٹس کا حصہ رہی ہوں لیکن ان کی ہندی ہمیشہ پرفیکٹ نہیں تھی جس پر اْن کی والدہ سری دیوی نے بھی اْنہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔اداکارہ جھانوی کپور 25 سال کی ہوگئی ہیں، وہ سری دیوی اور پروڈیوسر بونی کپور کی سب سے بڑی بیٹی ہیں، اْنہوں نے اپنی اداکاری کا آغاز 2018 میں کیا تھا۔ اس کے بعد اْنہوں نے مختلف ہدایت کاروں اور ساتھی اداکاروں کے ساتھ متعدد فلموں میں کام کیا ہے اور ان کا شمار بالی ووڈ میں سب سے ذہین نوجوان اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔تاہم، اپنے مشہور والدین کی وجہ سے، جھانوی کبھی بھی لائم لائٹ سے دور نہیں رہیں۔ اْنہوں نے ماضی میں اپنی ماں سری دیوی کے ساتھ پیپلز میگزین کے ایک شمارے کے اجراء میں شرکت کی تھی جس کے سرورق پر سری دیوی کو جھانوی اور اس کی چھوٹی بہن خوشی کے ساتھ دکھایا گیا تھا۔ ان کے ساتھ بونی کپور بھی شامل تھے۔ایونٹ میں میڈیا والوں نے بھی جھانوی سے ہندی میں کچھ الفاظ بولنے کو کہا، جھانوی، جنہیں ہندی میں بولنے کا زیادہ تجربہ نہیں تھا، وہ فوراََ بولیں کیا ہندی میں؟ میں نہیں بول سکتی جس پر سری دیوی نے بیٹی کے ہاتھ سے مائیک لیتے ہوئے اپنی ہی بیٹی کو ٹرول کردیا۔سری دیوی نے بھی مزاحیہ انداز میں اپنی بیٹی کی ٹوٹی پھوٹی ہندی کی نقل کی جس سے سب ہنس پڑے جس کے بعد جھانوی نے ہندی میں بات نہ کرنے پر سب سے معافی بھی مانگی۔سری دیوی کی موت 2018 میں، جھانوی کے اداکاری کے آغاز سے چند ماہ قبل ہوئی تھی اور جھانوی کو اکثر اپنی سپر اسٹار ماں کے ساتھ موازنے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔