جاپان کے وزیراعظم شنزو آبے کے انتقال پر نتیش کا اظہار غم
آبے ہندوستان کے سچے دوست تھے : نتیش
پٹنہ، جولائی،۔وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے جاپان کے سابق وزیر اعظم شنزو آبے کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے ۔وزیر اعلیٰ نے شنزو آبے کا گولی مار کر قتل کیے جانے کے واقعہ کو انتہائی افسوسناک قرار دیا ہے ۔ اپنے تعزیتی پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شنزو آبے نے ہندوستان -جاپان تعلقات کو مضبوط بنانے میں بڑا کردار ادا کیا ہے ۔ وہ بہت ملنسار تھے اور اپنے ملک میں بہت مقبول تھے ۔ وہ ہندوستان کے سچے دوست تھے اور ہندوستان سے ان کا خصوصی تعلق تھا ۔انہوں نے کہا کہ سال 2018میں جب میں جاپان گیا تھا تو اس وقت شنزو آبے وزیر اعظم تھے ۔ 19فروری 2018 کو شنزو آبے جی سے ملاقات ہوئی تھی ۔ ان سے ملاقات کے دوران ملک سے متعلق کئی ایشوز پر تفصیلی گفتگو ہوئی تھی ۔انہیں بہار کی خصوصی سمجھ تھی ان کے انتقال سے مجھے ذاتی طور پرتکلیف ہوئی ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے ان کی روح کی تسکین اور ان کے اہل خانہ اور جاپان کے لوگوں کو صدمہ کی اس گھڑی میں صبر کی قوت دینے کے خداسے دعا کی ہے ۔