تمیم اقبال انگوٹھے میں فریکچر کے سبب ایوریسٹ پریمئر لیگ سے باہر
ڈھاکہ، اکتوبر ۔ بنگلہ دیش ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان تمیم اقبال بائیں انگوٹھے میں فریکچر کے باعث موجودہ ایورسٹ پریمیئر لیگ (ای پی ایل) سے باہر ہو گئے ہیں۔ تمیم جمعرات کی صبح نیپال سے ڈھاکہ واپس آئے۔ یہاں وہ چوٹ کے علاج کے بعدتین ہفتے تک ریہیبلیٹیشن میں رہیں گے ۔ جمعرات کو اس کی تصدیق کرتے ہوئے ، بی سی بی کے ایک عہدیدار نے کہا، ’’ان کے بائیں انگوٹھے میں چوٹ لگی ہے۔ اسکین سے ایک چھوٹا سا فریکچر سامنے آیا۔ اس کے نتیجے میں اب وہ کم از کم تین ہفتوں تک کرکٹ ایکشن سے دور رہیں گے۔ ” تمیم کے لیے یہ ایک بڑا دھچکا ہے، کیونکہ وہ ای پی ایل کے ساتھ مسابقتی کرکٹ میں واپس آنا چاہتے تھے۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں بھیرہوا گلیڈی ایٹرز کے لیے چار میچوں میں بالترتیب 16، 12، 40 اور نو رنز بنائے ہیں۔ آئندہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے خود کو عدم دستیاب رکھنے والے تمیم کیرتی پور کے تری بھون یونیورسٹی بین الاقوامی کرکٹ گراونڈ میں کھیلے جارہے ای پی ایل ٹورنامنٹ کے آغاز سے پہلے گھٹنے کی انجری سے صحت یاب ہو ئے تھے۔ اس کے علاوہ اپریل-مئی میں سری لنکا کے دو ٹیسٹ دورے کے دوران بھی ان کے دائیں گھٹنے میں چوٹ لگ گئی تھی، حالانکہ بعد میں انہوں نے سری لنکا کے خلاف ہوم ون ڈے سیریز کے ساتھ ساتھ بنگبندھو ڈھاکہ پریمئر ڈویژن ٹی 20 لیگ میں حصہ لیاتھا، لیکن لیگ کے ایک میچ میں چوٹ لگنے کے باعث انہیں ٹورنامنٹ درمیان میں ہی چھوڑنا پڑا، جس کی وجہ سے وہ زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ میچ کھیلنے سے محروم رہ گئے۔ زمبابوے میں ایک روزہ سیریز میں ٹیم کی قیادت کرنے کے بعد تمیم نے ٹی 20 فارمیٹ میں نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا اور وطن واپسی کے بعدایک ریہیبلیٹیشن شروع کیا۔ اس کے نتیجے میں وہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ٹی 20 سیریز سے باہر ہو گئے۔