تمام مرکزی یونیورسٹیوں میں مشترکہ امتحان کے ذریعے ہوگا داخلہ، نیا نظام اسی سال سے نافذ العمل
نئی دہلی: مارچ۔یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) کے چیئرمین ایم جگدیش کمار نے کہا ہے کہ مرکزی یونیورسٹیوں کو گریجوایٹ کورسز میں طلبا کے داخلے کے لئے کامن یونیورسٹی انٹرینس ٹیسٹ (سی یو ای ٹی) میں حاصل کردہ نمبروں کا استعمال کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سی یو ای ٹی کا انعقاد جولائی کے پہلے ہفتے میں کیا جائے گا۔اس کا مطلب ہے کہ مختلف یونیورسٹیوں میں اہلیت کے معیار کے علاوہ 12ویں جماعت میں حاصل کردہ نمبر طلبا کے داخلے پر اثر انداز نہیں ہوں گے۔ پریس کانفرنس کے دوران جگدیش کمار نے کہا، ’’سال 2022-23 تعلیمی سال سے نیشنل ایگزامینیشن ایجنسی انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کورسز کے لیے سی یو ای ٹی کا اہتمام کرے گی۔ تمام مرکزی یونیورسٹیوں کو اپنے کورسز میں داخلے کے لیے سی یو ای ٹی میں حاصل کردہ نمبروں پر غور کرنا ہوگا۔قابل ذکر ہے کہ 45 مرکزی یونیورسٹیوں کو یو جی سی سے مالی امداد حاصل ہوتی ہے۔ جگدیش کمار نے کہا کہ سی یو ای ٹی کا نصاب این سی ای آر ٹی کے 12ویں جماعت کے نصاب سے ملتا جلتا ہوگا۔ سی یو ای ٹی میں سیکشن-ون اے، سیکشن- ون بی، عام امتحان اور کورس کے مخصوص مضامین ہوں گے۔ سیکشن ون اے لازمی ہوگا، جوکہ 13 زبانوں میں ہوگا اور امیدوار اپنی پسند کی زبان کا انتخاب کر سکتے ہیں۔جگدیش کمار نے کہا کہ طلبا کے پاس انگریزی، ہندی، اردو، آسامی، بنگالی، گجراتی، کنڑ، ملیالم، مراٹھی، اوڈیا، پنجابی، تمل اور تلگو میں سے کسی ایک کے انتخاب کا اختیار ہوگا۔ یو جی سی چیئرمین نے کہا کہ سی یو ای ٹی کا یونیورسٹیوں کی ریزرویشن پالیسی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس امتحان کے بعد کوئی مرکزی کونسلنگ بھی نہیں کی جائے گی۔