تمام اضلاع کو لمپی وائرس کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھنی چاہئے: شیوراج

بھوپال، ستمبر۔مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ ریاست میں لمپی وائرس کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جانی چاہیے۔ اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہر سطح پر ضروری کوششیں کریں۔ پڑوسی ریاستوں سے جانوروں کا داخلہ روکا کیا جائے۔ انفیکشن سے بچنے کے لیے ضروری ویکسین کی کمی نہیں ہونی چاہیے۔سرکاری اطلاع کے مطابق مسٹر چوہان جانوروں میں لمپی وائرس کی صورتحال کا جائزہ لے رہے تھے۔ ایڈیشنل چیف سکریٹری انیمل ہسبنڈری جے این کنسوتیا، ایڈیشنل چیف سکریٹری داخلہ ڈاکٹر راجیش راجورا اور دیگر افسران نے آج صبح رہائش گاہ پر منعقدہ جائزہ میٹنگ میں ورچولی طور پر شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جانوروں کے مالکان کو جانوروں کو آئسولیٹ کرنے اور انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے دیگر اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا جائے۔ تمام اضلاع میں وائرس کی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جائے اور احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کیا جائے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ریاست میں اب تک 3 ہزار 314 جانور لمپی وائرس سے متاثر ہیں۔ ان میں سے 2 ہزار 742 جانور صحت مند ہوگئے اور 38 مر گئے۔ انفیکشن سے بچنے کے لیے اب تک 1 لاکھ 49 ہزار 530 جانوروں کو ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔ ریاست میں ویکسین کافی مقدار میں دستیاب ہیں۔ بھنڈ، مورینا اور شیوپور میں لمپی وائرس کے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ وہاں ضروری انتظامات کئے جا رہے ہیں۔

Related Articles