ترکی میں سرمایہ کاری کی معاونت کے لیے یو اے ای کا10 ارب ڈالرمالیت کا فنڈ قائم

انقرہ،نومبر۔متحدہ عرب امارات نے ترکی میں سرمایہ کاری کے فروغ اورمعاونت کے لیے 10 ارب ڈالر مالیت کے ایک فنڈ کے قیام کا اعلان کیا ہے۔یواے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق یہ فنڈ ترکی میں توانائی اور صحت کے شعبوں سمیت تزویراتی سرمایہ کاری پر اپنی توجہ مرکوز کرے گا۔انقرہ میں ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زایدآل نہیان اورمیزبان صدررجب طیب ایردوآن کے درمیان بدح کو بات چیت کے بعد اس سرمایہ کاری فنڈ کے قیام کا اعلان کیا گیا ہے۔دونوں لیڈروں نے ترکی اور یواے ای کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ سے متعلق امور پرتبادلہ خیال کی ہے۔شیخ محمد بن زاید گذشتہ کئی سال کے بعد ترکی کا دورہ کرنے والے یواے ای کے پہلے اعلیٰ عہدہ دار ہیں۔دونوں ممالک حالیہ چندبرسوں کی سردمہری کے بعد دوبارہ ایک دوسرے کے قریب آرہے ہیں اوراپنے تعلقات میں بہتری لارہے ہیں جبکہ اس وقت ترکی کواپنی کرنسی لیرا کی قدر میں مسلسل کمی کے بحران کا سامنا ہے۔واضح رہے کہ ترکی اور یو اے ای کے درمیان حالیہ برسوں کے دوران میں مختلف علاقائی امورپرسخت اختلاف رائے رہا ہے اور وہ علاقائی تنازعات میں دومختلف متحارب فریقوں کی حمایت کرتے رہے ہیں۔

Related Articles