ترکیہ میں اسرائیلیوں کے قتل کی سازش رچانے میں ملوث تین ایرانی گرفتار

استنبول،جولائی۔العربیہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ترکیہ میں 3 افراد پر مشتمل ایک ایرانی سیل کو اسرائیلیوں کے قتل کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہیت۔علاوہ ازیں ترک میڈیا نے اعلان کیا کہ اب تک 7 ایرانیوں کو گرفتار کیا گیا ہے اور استنبول میں اسرائیلیوں کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کے الزام میں آٹھویں ایرانی شہری کے خلاف سفری پابندی جاری کر دی گئی ہے۔استنبول میں پبلک پراسیکیوشن آفس نے ایرانی شہریوں کے ساتھ سیاسی اور فوجی جاسوسی کا الزام عائد کیا، جن میں سے یہ انکشاف ہوا ہے کہ 5 کو ابتدائی طور پر گرفتار کیا گیا تھا اور 3 دیگر کو بعد میں ترکیہ کی انٹیلی جنس کارروائی میں گرفتار کیا گیا تھا۔سیکیورٹی نے 23 جون کو ایرانی شہریوں کے پہلے گروپ کی گرفتاری کی تصدیق کی تھی جس دن اسرائیلی وزیر خارجہ یائر لپیڈ نے ترکیہ کا دورہ کیا تھا۔ترک حکام نے یہ بھی کہا کہ ملزمان استنبول کے قلب میں واقع تقسیم سیاحتی علاقے میں اسرائیلیوں کی ریکی کر رہے تھے۔جب کہ ترک میڈیا نے انکشاف کیا کہ سیل کا مرحلہ وار تعاقب کیا گیا اور اس کے پاس سے اسلحہ اور دیگر ممالک کے پاسپورٹ برآمد کیے گئے اور یہ سیل سیاحت، تجارت اور طلبا کا روپ دھار رہا تھا۔تحقیقات کے مطابق 7.65 ایم ایم کیلیبر کے 3 انفرادی ہتھیار، اسلحے پر لگائے گئے 2 لیزر، 3 سائلنسر اور اسی کیلیبر کی بڑی تعداد میں گولیاں ضبط کی گئی ہیں۔یہ کارروائیاں اسرائیلی وزیر خارجہ کی جانب سے 13 جون کو ترکیہ کے سفر کے خلاف خبردار کرنے کے بعد سامنے آئی ہیں اور وہاں موجود لوگوں سے فوری طور پر ملک چھوڑنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

Related Articles