ترکیہ: زلزلہ میں جاں بحق پانچ ہزار افراد کی اجتماعی تدفین

انقرہ،فروری ۔ترکیہ میں آنے والے زلزلے میں جاں بحق ہونے والے 5ہزار افراد کی میتوں کو اجتماعی قبروں میں دفن کردیا گیا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ترکیہ اور شام میں زلزلے کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 40ہزار سے تجاوز کر گئی ہے دوسری جانب ہزاروں عمارتیں منہدم ،کئی ہزار افراد زخمی اور بے گھر ہیں۔ ترکیہ کے شہر’’کہرامن ماراش ‘‘ کے سینئر آفیسر نے برطانوی اخبار ٹیلی گراف کو بتایا کہ شہر میں 10ہزار میتوں کو دفنانیکی گنجائش ہے اور زلزلے میں جاں بحق افراد کم از کم 5ہزار افراد کی میتوں کو اجتماعی طور پر دفنایا جا چکا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے بعد عمارتوں کے ملبے تلے سے برآمد ہونے والی میتوں کو دفنانے کیلئے جنگل کے ایک بڑے حصے میں اجتماعی قبریں کھودی گئی ہیں، جہاں مقامی انتظامیہ کی تابوت لے جانے والی گاڑیاں دن بھر درجنوں میتیں بھر کر لا رہی ہیں، مقامی انتظامیہ نے شناخت نہ ہونیکے باعث قبروں پر کتبوں کے بجائے لکڑی کے ڈنڈے لگائے ہوئے ہیں جن پر جاں بحق ہونے والوں کی تصاویر اور نمبر درج ہیں۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ دفنانے کیلئے لائی جانے والی میتوں کی تعداد روزانہ بڑھ رہی ہے جن کیلئے مزید قبروں کی کھدائی کا سلسلہ جاری ہے۔

Related Articles