ترنمول کانگریس کے ممبر اسمبلی تاپس ساہا کے گھر پر سی بی آئی کا چھاپہ

کلکتہ ،اپریل ۔ سی بی آئی نے بھرتی گھوٹالہ میں ترنمول کے ایک اور ممبر اسمبلی تاپس سا ہا کے خلاف جانچ کی کارروائی جسٹس راج شیکھر منتھا کے حکم کے بعد شروع کرتے ہوئے تاپس ساہا کے گھر پر آج کئی گھنٹوں تک چھاپا مارا۔عدالت نے حکم دیا کہ سی بی آئی تاپس ساہا اور دیگر افراد سے بھی تفتیش کرے گی۔ ترنمول کانگریس کے ممبر اسمبلی پر نوکری دینے کے نام پر دھوکہ دہی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ گزشتہ سال تاپس ساہا کے خلاف نوکری دینے کے نام پر دھوکہ دہی کے الزامات سامنے آئے تھے۔ مبینہ طور پر، تاپس ساہا نے مختلف سرکاری دفاتر میں نوکری کا وعدہ کرکے تقریباً 16 کروڑ روپے وصول کئے تھے۔بی جے پی لیڈر ترن جیوتی تیواری نے 2018 میں نوکری دینے کے نام پر 5 کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کا الزام عائد کرتے ہوئے ترنمول کانگریس کے ممبرا سمبلی کے خلاف ہائی کورٹ میں مقدمہ دائر کیا تھا۔ اس معاملے کی سماعت میں، سی بی آئی کے وکیل بلبدل بھٹاچاریہ نے پیر کو ہائی کورٹ میں کہا کہ ترنمول کانگریس کے ممبر اسمبلی تاپس ساہا کے خلاف سنگین الزامات لگائے گئے ہیں۔ بھرتی میں بدعنوانی میں ملوث ہونے کے ثبوت میں کئی اہم دستاویزات ملے ہیں۔ کچھ دستاویزات منظر عام پر آئے ہیں جس کی وجہ سے سی بی آئی جانچ میں دلچسپی لے رہی ہے۔ اس کے بعد سی بی آئی نے اس دن ان کے گھر پر چھاپہ مارا۔ سی بی آئی نے ترنمول کانگریس کے ممبر اسمبلی کے گھر پر چھاپہ مارا تو پورے گھر کے ارد گرد مرکزی فورسز کو تعینات کیا گیا تھا۔ گھر کا گیٹ بند تھا۔ تاہم، ترنمول کانگریس کے ممبر اسمبلی نے سی بی آئی کے چھاپے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ”دیدی مجھ سے پیار کرتی ہیں، کوئی بھی دوسرے سے اس طرح پیار نہیں کرتا۔ میں نے ابھیشیک بنرجی سے ملنے کی کوشش کی، لیکن ملنے نہیں دیا گیا۔ انہوں نے پارٹی کے ایک حصے پر سازش کا الزام بھی لگایا۔ ترنمول کانگریس کے ممبر اسمبلی جیبن کرشن ساہا کو حال ہی میں بھرتی میں بدعنوانی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ قیاس آرائیاں عروج پر ہیں کہ کیا ترنمول کانگریس کے ایک اور ممبراسمبلی کو گرفتار کیا جا سکتا ہے۔

Related Articles