تبو نے اجے دیوگن کی شخصیت کا بڑا راز کھول دیا

ممبئی،ستمبر۔بالی ووڈ اداکارہ تبو نے اجے دیوگن کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے اپنے تجربات شیئر کیے اور ساتھی اداکار کی شخصیت سے جڑا ایک چونکا دینے والا انکشاف بھی کیا۔تبو نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ اداکار اجے دیوگن جب ایک ہدایتکار کے روپ میں ہوتا ہے تو وہ مسکراتا نہیں ہے۔بالی ووڈ اداکارہ کا کہنا تھا کہ اجے دیوگن بطور اداکار تو ایک تفریحی پسند شخص ہیں تاہم جب وہ بطور ہدایت کار فلم کے سیٹ پر ہوتے ہیں تو وہ’’سپر سنجیدہ‘‘ ہوتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اجے کام میں اتنا مگن ہوتے ہیں کہ اگر کوئی اْن کے قریب سے گزر بھی جائے تو وہ بے خبر ہی رہتے ہیں اور یہ وجہ ان کی ہدایت کاری میں سنجیدگی کو ظاہر بھی کرتی ہے۔واضح رہے کہ اجے دیوگن اور تبو کی جوڑی بالی ووڈ کی سپر ہٹ جوڑیوں میں سے ایک رہی ہے اور اس جوڑی کو شائقین آج بھی بے حد پسند کرتے ہیں۔یہ ہٹ جوڑی اس بار فلم ’’بھولا‘‘ میں یکجا ہوئی ہے ، فلم کو اجے دیوگن نے ڈائریکٹ کیا ہے اور اسی سبب تبو کو اجے کی شخصیت میں بطور اداکار اور ہدایت کار فرق سمجھنے کا موقع بھی ملا، فلم کی شوٹنگ تو مکمل ہوچکی ہے تاہم اس کی ریلیز سے متعلق ابھی کوئی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی ہے۔دونوں اداکاروں نے ماضی میں ایک ساتھ متعدد فلموں میں کام کیا ہے جن میں وجے پتھ، حقیقت، تشک، فتور، دریشام، گول مال اگین اور دے دے پیار دے شامل ہیں۔

Related Articles