بیونسے نے دبئی میں ایک گھنٹے کی پرفارمنس میں 5 ارب روپے کمالیے
دبئی ،جنوری۔معروف امریکی گلوکارہ 41 سالہ بیونسے نے تقریبا 4 سال بعد دنیا میں کسی تقریب میں پرفارمنس کرکے محض ایک گھنٹے میں پاکستانی 5 ارب روپے سے زائد کی کمائی کرلی۔بیونسے عام طور پر دنیا کے کسی بھی ملک میں پرفارمنس کے ڈھائی سے پانچ لاکھ ڈالر تک وصول کرتی رہی ہیں، تاہم اس بار انہیں 8 سے 10 گنا زیادہ رقم دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔امریکی اخبار ’لاس اینجلس‘ کے مطابق بیونسے نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی کے پرتعیش علاقے الجمیرہ میں کھولے گئے نئے دنیا کے مہنگے ترین ہوٹلوں میں شمار ہونے والے ہوٹل میں پرفارمنس کی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ بیونسے نے ہوٹل کی افتتاحی تقریب کے پہلے گھنٹے میں اپنے معروف گانوں پر پرفارمنس کی اور انہیں محض ایک گھنٹے کے دو کروڑ 40 لاکھ ڈالر ادا کیے جو کہ پاکستانی 5 ارب 80 کروڑ روپے تک بنتے ہیں۔رپورٹ میں دیگر نشریاتی اداروں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بیونسے کو مذکورہ ہوٹل میں رہائش کے لیے ایسے کمرے دیے گئے ہیں، جن کا ایک رات کا کرایہ ایک لاکھ امریکی ڈالر تھا۔گلوکارہ نے ہوٹل کی افتتاحی تقریب میں شوہر، والدین اور اپنے تینوں بچوں سمیت شرکت کی اور ممکنہ طور پر ان کے والدین اور بچوں کو رہائش کے لیے الگ الگ کمرے دیے گئے۔گلوکارہ نے افتتاحی تقریب کے آغاز میں مجموعی طور اسٹیج پر 73 منٹ گزارے، جس میں سے 60 منٹ تک انہوں نے اپنے معروف گانوں پر پرفارمنس کی۔ایک گانے ’براؤن اسکن گرل‘ پر انہوں نے اپنی 11 سالہ بیٹی کے ہمراہ پرفارمنس کی اور ممکنہ طور انہیں بیٹی کی پرفارمنس کی الگ سے فیس دی گئی۔بیونسے نے افتتاحی تقریب میں ’ایٹ لیسٹ، ہالو، کریزی ان لو، فلاز اینڈ آل اور بی الائیو‘ جیسے گانوں پر پرفارمنس کی۔ہوٹل کی افتتاحی تقریب میں صرف ان ہی افراد نے شرکت کی، جنہیں ہوٹل انتطامیہ کی جانب سے مدعو کیا گیا تھا۔ہوٹل کی افتتاحی تقریب میں امریکی ماڈل کنڈیل جینر، اداکار ایلون پومپیو، بیونسے کے شوہر جے زی اور دیگر اعلیٰ شخصیات بطور مہمان مدعو تھیں۔بیونسے نے ’ہوٹل ایٹلانٹس‘ کے نام سے کھولے گئے نئے دنیا کے مہنگے ترین اور پرتعیش ہوٹل کی افتتاحی تقریب میں پرفارمنس کی، مذکورہ ہوٹل باضابطہ طور پر 10 فروری سے کاروبار کا آغاز کرے گا۔’عربیہ بزنس‘ کے مطابق مذکورہ ہوٹل 43 فلورز پر مبنی ہے اور اس میں 131 پر تعیش اپارٹمنس، 630 دیدہ زیب ہوٹل کمرے، 44 نجی سوئمنگ پولز، بالغان اور بچوں کے سوئمنگ پولز اور متعدد کھانوں کے ریسٹورنٹس اور میوزک و انٹرٹینمنٹ کے ہالز موجود ہیں۔مذکورہ ہوٹل کے کمرے میں ایک رات کا کرایہ ایک لاکھ امریکی ڈالر تک ہے جو پاکستانی ڈھائی کروڑ روپے تک بنتے ہیں۔