بھاگلپور میں ٹرک اور آٹو رکشہ کی ٹکر میں پانچ باراتی کی موت ، تین زخمی

بھاگلپور ، جون۔بہار میں بھاگلپور ضلع کے بیہہ پور تھانہ علاقہ میں ٹرک اور آٹو رکشہ کے مابین ہوئی ٹکر میں پانچ باراتیوں کی موت ہوگئی اور تین دیگر زخمی ہوگئے ۔نوگچھیا کے سب ڈویژنل افسر یتیندر پال نے منگل کو یہاں بتایاکہ مڑوا گاؤں کے نزدیک نیشنل ہائیوے نمبر ۔31 پر ٹرک اور آٹو رکشہ کے مابین ٹکر ہوگئی ۔ اس واقعے میں پانچ باراتیوں کی موت ہوگئی اور تین دیگر زخمی ہوگئے ۔ مہلوکین کی شناخت پورنیہ ضلع کے روپولی علاقہ کے گولکی گاؤں باشندہ منٹو منڈل ، چھوٹو منڈل ، پنکو منڈل ، گجندر ساہ اور گجادھر منڈل کے طور پر ہوئی ہے ۔ آٹو رکشہ پر سوار باراتی سموار کی دیر رات گولکی گاؤں سے نارائن پور گاؤں کی جانب جارہے تھے ۔مسٹر پال نے بتایاکہ زخمیوں کو بیہہ پور کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا ، جہاں ابتدائی علاج کے بعد انہیں بہتر علاج کیلئے بھاگلپور کے جواہر لال نہرو میڈیکل کالج اسپتال بھیج دیا گیا ہے ۔ سرکاری ضابطے کے تحت تمام مہلوکین کے اہل خانہ کو چار۔ چار لاکھ روپے کا معاوضہ دیاجارہا ہے ۔ لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دی گئی ہیں۔

Related Articles