بھارتی کپتان روہت شرما نے ون ڈے کرکٹ ختم کرنیکی سخت مخالفت کردی

ممبئی،اگست۔بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ون ڈے کرکٹ ختم کرنیکی سخت مخالفت کردی۔روہت شرما نے ون ڈے کرکٹ کو ختم کرنے کے خیال پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایک روزہ فارمیٹ کی آج بھی اہمیت ہے، لوگ پہلے ٹیسٹ کرکٹ ختم ہونے کے بارے میں بات کر رہے تھے، میرے لیے کرکٹ اہم ہے پھر چاہے کوئی بھی فارمیٹ ہو۔بھارتی کپتان نے کہا ‘یہ سب باتیں فضول ہیں کہ میرا نام ہی ون ڈے کرکٹ سے بنا ہے، میں یہ کبھی نہیں کہوں گا کہ ون ڈے ختم ہو رہا ہے یا ٹی ٹوئنٹی ختم ہو رہا ہے یا ٹیسٹ فارمیٹ ختم ہونے کے قریب ہیں، میری خواہش ہے کہ کوئی اور فارمیٹ بھی ہو کیونکہ میرے لیے گیم کھیلنا سب سے اہم ہے’۔انٹرویو میں روہت شرما نے کہا ‘ہم بچپن سے ہی بھارت کے لیے کرکٹ کھیلنے کا خواب دیکھتے تھے اور جب بھی ون ڈے کھیلتے ہیں، اسٹیڈیم لوگوں سے بھرے ہوتے ہیں’۔خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا تھا کہ میرے خیال میں ون ڈے کرکٹ کو اب انٹرنیشنل کلینڈر سے ختم کر دینا چاہیے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ بحیثیت کمنٹیٹر بھی مجھے اب ون ڈے کرکٹ طویل لگتی ہے، ٹی ٹوئنٹی کھیل آسان ہے چار گھنٹے میں کھیل ختم ہوجاتا ہے۔اس کے علاوہ آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے اس حوالے سے کہا تھا کہ عالمی سطح پر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی بڑھتی لیگز ون ڈے کرکٹ کو ختم کررہی ہیں جس سے ون ڈے کرکٹ سست موت مر رہی ہے۔

Related Articles