بھارتی اداکارہ کی خودکشی، ساتھی اداکار گرفتار، 4 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
ممبئی،دسمبر۔گزشتہ روز ایک پروگرام کے سیٹ پر خودکشی کرنے والی بھارتی اداکارہ تنیشا شرما سے متعلق کیس کی تفتیش کے لیے آنجہانی اداکارہ کے انتہائی قریب سمجھے جانے والے دوست شیزان خان کو گرفتار کر لیا گیا۔میڈیا کے مطابق اداکارہ تنیشا شیزان خان کے کافی قریب تھیں اور مردوں کے عالمی دن کے موقع پر بھی تنیشا نے شیزان کیلئے محبت بھری پوسٹ شیئر کی تھی جبکہ اداکارہ کے رشتے داروں نے ساتھی اداکار شیزان ایم خان پر شبہ ظاہر کیا تھا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ تنیشا کے رشتے داروں کا کہنا ہے مبینہ طور پر شیزان تنیشا کو پریشان کر رہا تھا، اس حوالے سے شیزان سے بات بھی کی گئی تھی جس پر شیزان نے بتایا تھا کہ ان کی تنیشا سے کچھ تلخیاں ہو گئی ہیں جس کی وجہ سے اداکارہ کو بہت دکھ پہنچا ہے۔میڈیا کے ذریعے اداکارہ تنیشا شرما کے حمل سے ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ اداکارہ کے پوسٹ مارٹم میں ایسی کوئی علامات نہیں پائی گئیں، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اداکارہ کی موت دم گھٹنے کے باعث واقع ہوئی۔اب اطلاعات ہیں کہ بھارتی پولیس نے معاملے کی تفتیش کے لیے شیزان خان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا اور عدالت نے 4 روز کے جسمانی ریمانڈ پر شیزان کو پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔میڈیا کے مطابق پولیس نے معاملے کی تحقیقات کے لیے شیزان خان کا موبائل فون بھی تحویل میں لے لیا ہے۔