بورس جانسن نے تین ماہ میں چار تقاریر کرکے لاکھوں پونڈ کما لئے

لندن،دسمبر ۔ سیاسی بحران کے باعث برطانیہ کے سابق وزیراعظم بورس جانسن کو عہدہ چھوڑے 3ماہ سے زیادہ عرصہ ہوچکا ہے۔مگر وزارت عظمیٰ کو چھوڑنا مالی لحاظ سے بورس جانسن کیلئے فائدہ مند ثابت ہوا کیونکہ وہ کروڑوں روپے کما رہے ہیں۔ گزشتہ 3ماہ کے دوران محض 4تقاریر کرکے وہ 10 لاکھ پاؤنڈز سے زیادہ کما چکے ہیں۔ستمبر میں وزرا اور اراکین پارلیمان کی سپورٹ سے محروم ہونے کے بعد بورس جانسن نے اپنا عہدہ چھوڑا تھا۔برطانوی اراکین پارلیمان کے مالی اثاثوں کے ریکارڈ کے مطابق 58سالہ بورس جانسن کو اکتوبر اور نومبر میں 4تقاریب میں خطاب کرنے پر 10 لاکھ 30ہزار 782پاؤنڈز معاوضہ ملا۔درحقیقت وہ ہر گھنٹے کے 30 ہزار پاؤنڈز معاوضہ لیتے ہیں۔نیویارک میں امریکی مالیاتی کمپنی سینٹر ویو پارٹنرز کی تقریب میں خطاب پر انہیں 2لاکھ 77ہزار 724پاؤنڈز دئیے گئے جبکہ سفری اور رہائش کے اخراجات بھی امریکی کمپنی نے اٹھائے۔ مجموعی طور پر بورس جانسن نے اس کمپنی کو 9 گھنٹے کا وقت دیا۔اس کے علاوہ ہندوستان ٹائمز کی ایک تقریب سے خطاب کیلئے انہیں2لاکھ61ہزار 652 پاؤنڈز معاوضہ دیا گیا جبکہ سی این این گلوبل سمٹ میں تقریر کرنے پر 2لاکھ 15ہزار 276پاؤنڈز دئیے گئے۔ کونسل آف انشورنس ایجنٹس اینڈ بروکرز کانفرنس میں خطاب سے ان کے بینک اکاؤنٹ میں 2 لاکھ 76 ہزار 130 پاؤنڈز کا اضافہ ہوا۔

Related Articles