بمراہ کو پیچھے کرکے بولٹ سرفہرست ون ڈے گیندبازبنے
دبئی، جولائی۔ ہندوستان کے ٹاپ گیند باز جسپریت بمراہ کو انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ سے باہر ہونے کے بعد آئی سی سی رینکنگ میں نقصان اٹھانا پڑا ہے۔بدھ کو آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین رینکنگ کے مطابق نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ بمراہ کی عدم موجودگی میں 704 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر آگئے ہیں جب کہ بمراہ 703 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیںجہاں بمراہ رینکنگ میں نیچے آئے ہیں، وہیں ان کے ساتھی گیند بازوں نے ون ڈے رینکنگ میں چھلانگ لگا دی ہے۔ یوزویندر چہل بولرز کی فہرست میں چار مقام چڑھ کر 16 ویں نمبر پر پہنچ گئے جبکہ ہاردک پانڈیا آل راؤنڈر رینکنگ میں آٹھواں مقام حاصل کیا۔ چہل نے انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں سات وکٹیں حاصل کیں جبکہ پانڈیا نے چھ وکٹوں کے ساتھ 100 رنز بنائےتھے۔نوجوان بلے باز رشبھ پنت انگلینڈ سیریز کے آخری میچ میں ناقابل شکست 125 رنز بنانے کے بعد 25 مقامات کی بڑی چھلانگ لگا کر 52 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔پانڈیا بھی بلے بازوں کی رینکنگ میں آٹھ درجے بڑھ کر 42 ویں نمبر پر آ گئے ہیں، جب کہ روہت شرما اور ویرات کوہلی جنوبی افریقہ کے ریسی وان ڈیر ڈوسن کی درجہ بندی میں بہتری کی وجہ سے ایک ایک مقام کھسک گئے ہیں۔وان ڈیر ڈوسن جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں سنچری بنانے کے بعد تین درجے بہتری کے ساتھ تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ پاکستان کے کپتان بابر اعظم ون ڈے رینکنگ میں چوٹی پر برقرار ہیں، وراٹ کوہلی چوتھے اور روہت شرما پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔ وان ڈیر ڈوسن کے ہم وطن کوئنٹن ڈی کاک بھی ایک درجہ تنزلی سے چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں۔