برمنگھم: حادثے کی شکار کار میں چاقو کے وار سے ایک شخص ہلاک
لندن ،ستمبر۔پولیس نے برمنگھم میں حادثے کی شکار کار میں چاقو کے وار سے زخمی شخص کی ہلاکت کے بعد مرڈر انویسٹی گیشن شروع کر دی ہے۔ پولیس اس شخص کوبھی تلاش کر رہی ہے، جو کار سے بھاگتے ہوئے دیکھا گیا، جس کے بارے میں پولیس کا کہنا ہے کہ اس کے پاس انویسٹی گیشن میں مدد کیلئے اہم معلومات ہو سکتی ہیں۔ مڈلینڈز پولیس کا کہنا ہے کہ مرنے والا شخص کوئین ایلزبتھ ہسپتال کے قریب میچلے لین، ہاربورن میں گاڑی کے حادثے کے بعد ملا تھا۔ آفیسرز جمعرات کو 3 بجے سہ پہر موقع پر پہنچے تھے، جہاں پیرا میڈیکس ایک شخص کا علاج کر رہے تھے لیکن بعد میں اسے ہسپتال میں مردہ قرار دے دیا گیا۔ پولیس نے علاقے کا محاصرہ کر لیا اور مرڈرانویسٹی گیشن ڈیٹیکٹیوز نے یہ معلومات کرنا شروع کر دی ہیں کہ کیا ہوا ہے۔ پولیس فورس کا کہنا ہے کہ ہم کسی بھی ایسے فرد سے بات سننے کے خواہاں ہیں، جس نے شاید سلور کلر کی اس کار کو دیکھا ہو اور حادثے سے قبل یہ کار ہاربورن لین کی سمت سے بے ترتیبی سے ڈرائیو کی جا رہی تھی۔ فورس کا کہنا ہے کہ ہم اس شخص کا بھی پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں جو کار سے بھاگتے ہوئے دیکھا گیا ہے، جس کے پاس انویسٹی گیشن میں مدد کیلئے معلومات ہو سکتی ہیں۔ پولیس نے کہا کہ اگر کسی بھی شخص کے پاس اس واقعے کے بارے میں کوئی معلومات ہوں تو وہ لاگ 2423 ستمبر 22 کا حوالہ دے کر ویسٹ مڈلینڈز پولیس بذریعہ لائیو چیٹ سے رابطہ کرے یا 101 پر بات کرے یا کرائم سٹاپرز کے ذریعے 0800555111 پر معلومات فراہم کرے۔