برطانیہ کا 240 سال پرانا ڈپارٹمنٹل اسٹور کیوں بند ہو رہا ہے؟
لندن،جنوری ۔ برطانیہ میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے اثرات کا شکار ہوکر 240 سال پرانا ڈپارٹمنٹل اسٹور بند ہو نے جا رہا ہے۔برطانیہ کی لنکن شائر کاؤنٹی کے لاؤتھ ٹاؤن میں 1781 میں قائم ہونے والا ’ایو اینڈ رنشا‘ نامی ڈپارٹمنٹل اسٹور ایک ہی خاندان کی تین نسلوں نے لگاتار 242 سال تک چلایا تاہم کورونا وبا کے بعد برطانیہ میں مہنگائی کی تازہ لہر اور کاروبار کے بڑھتے ہوئے اخراجات برداشت نہ کر پانے کے باعث بند ہو نے جا رہا ہے۔ڈپارٹمنٹل اسٹور کے مالک مارکس سینڈوتھ کا کہنا ہے کہ مہنگائی میں اضافہ اور بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث پیدا ہونے والا یہ بحران ملک کے سب سے پرانے اور انڈیپنڈنٹ فیملی رن ڈپارٹمنٹل اسٹور کے طابوت میں آخری کیل ثابت ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ کووڈ کے مشکل دو سالوں کے بعد ہمیں قوی امید تھی کہ مشکلات کے اس دور کا خاتمہ ہوگا، ہم اس سے نکل جائیں گے اور اپنے اسٹور کو جدید کاروباری تقاضاؤں سے ہم آہنگ کرلیں گے تاہم اب انتہائی بھاری دل کے ساتھ ہمیں یہ اسٹور بند کرنا پڑ رہا ہے، کیوں کہ مارکیٹ میں کھڑے رہ پانا کافی مشکل ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی شاہی ٹیم کو الوداع کرتے ہوئے انتہائی افسوس ہو رہا ہے، ان ملازمین میں سے کئی لوگ دہائیوں تک ہر آسان اور مشکل گھڑی میں ہمارے ساتھ منسلک رہے ہیں، میں تو ان کا شکریہ بھی ادا نہیں کر سکتا۔انہوں نے بتایا کہ رواں ماہ کے اختتام تک اسٹور کی آن لائن فروخت ختم کردی جائے گی جبکہ مارچ تک مارکیٹ میں موجود اسٹور بھی مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔