برطانیہ میں پیٹرول کا بحران خونی تصادم میں تبدیل
لڑائی جھگڑوں کے واقعات میں ایک شخص ہلاک، متعدد زخمی
راچڈیل،اکتوبر۔برطانیہ میں پٹرول کا بحران خونی تصادم کی شکل اختیار کرنے لگا، پٹرول اسٹیشنز پر لڑائی جھگڑے کے واقعات میں متعدد افراد زخمی جب کہ ایک زخمی شخص ہلاک ہو گیا، پولیس نے مذکورہ شخص کے قتل کے الزام میں15 سالہ مشتبہ ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، 40 سالہ تھامس مالبی کو ڈرہم اسٹیشن پر حملے میں شدید زخمی کیا گیا تھا۔ تھامس مالبی کو حملے کے بعد نیو کاسل کی رائل وکٹوریہ انفرمری میں لے جایا گیا جہاں اس کی جان بچانے کیلئے سرتوڑ کوششیں کی گئیں مگر وہ دو یوم تک زندگی اور موت کی کشمش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔تھامس مالبی کو سٹینلے کو ڈرہم کے قریب این فیلڈ پلین گاؤں کے ایک سروس اسٹیشن پر صبح سویرے پیٹرول کے حصول کے دوران حملہ کر کے زخمی کیا گیا تھا، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعہ کا ایندھن کی ترسیل سے کوئی تعلق نہیں ہے،پولیس نے ایک 15 سالہ لڑکے کو حراست میں لے کر اس معاملے پر تحقیقات کیں جسے بعد ازاں ضمانت پر رہائی دے دی گئی تاہم تھامس مالبی کی اہلیہ اور دیگر اہل خانہ کو انصاف دلانے کیلئے ماہر پولیس افسران مختلف امور پر تحقیقات اور متاثرہ خاندان کی مدد کر رہے ہیں۔ جاسوس سپرنٹنڈنٹ ڈیو ایشٹن جو اس معاملے کی تحقیقات کی نگرانی کر رہے ہیں، نے کہا کہ متاثرہ خاندان کیلئے تھامس مالبی کی موت بلاشبہ ایک بڑا سانحہ ہے، یہ واقعہ ایندھن اسٹیشن کے سامنے ضر ور پیش آیا مگر تیل کی قلت کے موجودہ مسائل سے اس کو منسلک نہیں کیا جا سکتا، ماہر تفتیشی افسران پر مشتمل ٹیم واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے ،متاثرہ خاندان کو ہر صورت انصاف دلانے سمیت حقائق جلد سامنے لائے جائیں گے، کیمونٹی کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ جرائم کرنے والا خواہ کتنا ہی شاطر کیوں نہ ہو قانون کی گرفت میں ضرور لایا جائے گا، عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کا ر لارہے ہیں۔