برطانوی شہزادہ اینڈریو پر آواز کسنے والا شہری گرفتار

لندن،ستمبر۔ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات کا سلسلہ جاری ہے، ملکہ کا تابوت گزشتہ روز جلوس کی صورت میں سینٹ جائلز کتھیڈرل پہنچا، اس دوران شہزادہ اینڈریو پر آوازیں کسنے والے ایک نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر گزشتہ روز نکالے گئے جلوس سے چند ویڈیوز وائرل ہوئیں، ان میں سے ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملکہ الزبتھ دوم کے تابوت کے پیچھے بادشاہ چارلس سوم سمیت تینوں بہن بھائی چل رہے تھے۔اسی دوران ہجوم میں موجود ایک شخص شہزادہ اینڈریو پر آوازیں کسنے لگتا ہے کہ اینڈریو تم سنکی بڈھے ہو جس پر سیکیورٹی پر مامور اہلکار اسے گرفتار کرکے لے جاتے ہیں۔اگلی ویڈیو میں سیکیورٹی اہلکار اس نوجوان کو دھکیلتے ہوئے زمین پر گرا دیتے ہیں۔ اس دوران نوجوان اسے قابل نفرت کے نعرے لگاتا ہے جبکہ ہجوم میں موجود دیگر اس نوجوان کو برا بھلا کہتے اور پولیس کی مدد کرتے دیکھے جاسکتے ہیں۔اسی جلوس سے کچھ دور واقع ایک سنسان جگہ سے ایک اور ویڈیو وائرل ہوئی کہ جس میں نوجوان کو ہتھکڑیاں لگا کر دو پولیس آفیسر تفتیش کر رہے ہیں۔اسکاٹ لینڈ پولیس ترجمان کے مطابق 22 سالہ نوجوان کو ہنگامہ آرائی کے جرم میں گرفتار کرلیا گیا ، جلد اسے سزا سنائی جائے گی، اسے ایک سال قید یا پھر 5 ہزار برطانوی پانڈ کا جرمانہ ہوگا۔واضح رہے کہ اس موقع پر شہزادہ اینڈریو کے علاوہ باقی تینوں شہزادے اور شہزادی فوجی لباس میں ملبوس تھے جبکہ شہزادہ اینڈریو نے سادہ لباس زیب تن کیا ہوا تھا۔یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز میں فروری کے دوران ملکہ الزبتھ دوم نے جنسی زیادتی کے اسکینڈل میں ملوث ہونے کے نتیجے میں شہزادہ اینڈریو سے فوجی سرپرستی کا اعزاز چھین لیا گیا تھا۔

Related Articles