بالی وڈ ڈائری: ’ایک وقت میں ایک ہی لڑکے کو ڈیٹ کرو اور محبت میں سنجیدہ نہ ہو‘
ممبئی/لندن،ستمبر۔ اس عمر میں محبت میں سنجیدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں جسٹ ہیو فن یعنی صرف لطف اٹھاؤ۔‘یہ مشورہ اننیہ پانڈے کی ممی بھاؤنہ پانڈے اپنی بیٹی کو دے رہی تھیں۔ کرن جوہر کے ٹی وی شو کافی ود کرن میں بھاؤنا پانڈے، شاہ رخ خان کی بیگم گوری خان اور سنجے کپور کی بیگم مہیپ کپور سوالوں کے جواب دے رہی تھیں۔کرن نے جب گوری سے پوچھا کہ وہ اپنی بیٹی سوہانہ کو ڈیٹنگ پر کیا مشورہ دیں گی تو جواب میں گوری کا کہنا تھا کہ ایک وقت میں دو لڑکوں کو ڈیٹ نہ کرو۔ اس پر کرن نے بھاؤنا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اننیہ ایک وقت میں دو لڑکوں کو ڈیٹ کر چکی ہیں ان میں سے ایک اداکار ایشان کھٹر تھے لیکن اب انکا بریک اپ ہو چکا ہے، جس پر بھاؤنا نے حیران ہوتے ہوئے کہا ’کیا واقعی۔‘بعد میں بھاؤنا کا کہنا تھا دراصل وہ دو لڑکوں کے بارے میں سوچ رہی تھی اور بعد میں اس نے ایک سے بریک اپ کر لیا۔ اس موقع پر وہاں موجود ان تینوں خواتین اور کرن نے ہنسنا شروع کر دیا۔اس سے پہلے اسی شو میں کرن نے اننیہ سے پوچھا تھا کہ کیا وہ ایشان کو ڈیٹ کر رہی ہیں تو اننیہ نے ان کی بات ان سنی کر دی تھی۔کرن نے یہ بھی پوچھا تھا کہ کیا اب آپ کارتک آرین کو ڈیٹ کر رہی ہیں۔جواب میں اننیہ نے مسکراتے ہوئے کہا تھا ہم صرف اچھے دوست ہیں۔ ویسے بالی ووڈ میں دوستی کی ایسی بے شمار مثالیں دیکھنے کو ملتی ہیں۔ادھر مہیپ کپور کی بیٹی شنایا کپور کرن جوہر کی فلم بے دھڑک سے ڈبیو کر رہی ہیں۔ کرن جوہر، جو بقول کنگنا کے بالی ووڈ میں اقربا پروری کے سرغنہ ہیں، اب ایک اور سٹار کِڈ کو انڈسٹری میں بریک دے رہے ہیں۔شنایا کا کہنا ہے کہ بھلے ہی وہ سنجے کپور کی بیٹی ہیں لیکن وہ اپنے کام سے یہ ثابت کرنا چاہتی ہیں کہ وہ یہ فلم ڈزرو کرتی ہیں یعنی وہ اس کی حقدار ہیں۔زوم ٹی وی کے ساتھ ایک انٹرویو میں شنایا کا کہنا تھا کہ وہ بہت پْرجوش ہیں اور یہ کہ یہ ایک روایتی ڈبیو نہیں ہے، اس فلم میں ان کا کردار بہت چیلنجِنگ ہے جس کے لیے انھیں بہت محنت کرنی پڑ رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں یہ ثابت کرنے کی کوشش کروں گی کہ یہ موقع مجھے اپنے والدین کی وجہ سے نہیں ملا بلکہ میں اس کی حقدار ہوں۔‘’آپ کی خوبصورتی کا راز کیا ہے؟‘’50 سال کی عمر میں آپ کی اس خوبصورتی کا راز کیا ہے؟‘جب اداکارہ تبو سے یہ سوال پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کچھ خاص نہیں، بس میں اپنی میک اپ آرٹسٹ میتھالی سے کہتی ہوں کہ کچھ جڑی بوٹیوں سے بنائے جانے والے لیپ لگانے چاہئیں اور گھریلو نسخے آزمانے چاہئیں، لیکن ایک مرتبہ انھوں نے مجھے ایک کریم لگانے کا مشورہ دیا تھا جس کی قیمت 50 ہزار روپے تھی۔تبو نے ہنستے ہوئے کہا ’میں نے ایک بار وہ کریم خریدی بس اب آگے نہیں خریدوں گی۔ تبو اس انڈسٹری میں 30 سال سے ہیں اور انھوں نے اپنی صلاحیتوں کے بل پر ایک مقام حاصل کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انھیں اپنی امیج کے بارے میں اندازہ ہے اور وہ اس امیج کو برقرار رکھنے کی کوشش کرتی ہیں۔90 کی دہائی کے ہیروز کے بارے میں مادھوری کی رائےجہاں تک بڑھتی عمر کے ساتھ خوبصورتی میں اضافے کا تعلق ہے تو اس حوالے سے مادھوری ڈکشٹ بھی اپنی مثال آپ ہیں۔ 80 اور 90 کی دہائی میں لوگوں کے دلوں پر راج کرنے والی مادھوری 55 سال کی ہو چکی ہیں اور اس عمر میں خوبصورت لگنے کے ساتھ ساتھ انتہائی پر وقار بھی نظر آتی ہیں۔شادی کے بعد فلمی دنیا کو چھوڑ کر جانے والی مادھوری فلموں کے ساتھ ساتھ اب او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر بھی خوب کام کر ہی ہیں۔ جمعرات کو اپنی فلم مجا ما کے ٹریلر ریلیز کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مادھوری نے بتایا کہ کہ اپنی عمر اور کریئیر کے اس دور سے وہ کس طرح لطف اٹھا رہی ہیں۔مادھوری کی یہ فلم ایمازون پرائم ویڈیو پر ریلیز ہوگی۔مادھوری کا کہنا تھا کہ او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کی وجہ سے اب بڑی عمر والی ہیروئنز کو با معنی کردار مل رہے ہیں کیونکہ انڈسٹری میں اس سے پہلے ہیروئنز کو شادی کے بعد صرف ماں یا بھابی کیکردار ہی دیے جاتے تھے۔اپنے دور کے بڑے ہیروز کے بارے میں پوچھے جانے پر مادھوری کا کہنا تھا کہ 80 اور 90 کی دہائی کی ہیروئنز کو آج اپنے دور کے ہیروز کے مقابلے میں بہتر فلمیں اور نئے کردار مل رہے ہیں جن میں انھیں اپنی صلاحیتں دکھانے کا بھر پور موقع مل رہا ہے۔ جبکہ اس دور کے ہیرو آج بھی پرانے انداز کی فلموں میں ہیرو کے ہی کردار میں نظر آتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس میں ہیروز کا کوئی قصور نہیں ہے، انھیں جس طرح کے کردار ملتے ہیں اس میں ان کو ناچنا گانا پڑتا ہے اس لیے وہ خود کو جوان رکھنے کی کوشش کرتے ہیں اور اس میں کوئی برائی نہیں ہے۔بالی وڈ میں مادھوری کی طرح ہی روینا ٹنڈن اور جوہی چاولہ بھی روایتی کرداروں سے ہٹ کر نئے انداز میں نظر آتی ہیں۔اب بہت سی فلموں یا سیریز میں عورتوں کی کہانی اور ان کا کردار مرکزی ہوتا ہے اور لوگ ان کہانیوں کو دیکھنا بھی چاہتے ہیں اور سراہتے بھی ہیں۔شاید یہ درست بھی ہے کہ انڈسٹری کے سپر سٹار آج بھی پرانے سانچوں میں خود کو ڈھالنے کی کوشش کرتے نظر آتے ہیں جبکہ ان کے دور کی ہیروئنز ان سانچوں سے باہر نکل کر نئے کردار اور نئی کہانیوں کو نیا روپ دے رہی ہیں۔چند ہفتے پہلے ریلیز ہونے والی فلم برہماستر نے باکس آفس پر تقریباً 360 کروڑ کی کمائی کر لی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ اس فلم نے باکس آفس پر کشمیر فائلز کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔اب اگر فلم کرن جوہر کی ہو تو کنگنا کہاں چپ رہنے والی ہیں۔ جھٹ سے سوشل میڈیا پر اپنا ردِ عمل دیتے ہوئے لکھتی ہیں 10 کروڑ روپے کے بجٹ سے بننے والی فلم کشمیر فائلز نے زبردست کامیابی حاصل کی اور اب بالی وڈ مافیا کا دعوی ہے کہ اس نے کشمیر فایلز کو پیچھے چھوڑ دیا، کرن جی آپ کیا چیز ہو یار۔‘