بالی وڈ ڈائری: آرین خان کی ضمانت پر فیصلہ محفوظ
منی لانڈرِنگ کیس میں نورہ فتحی اور جیکلین فرنانڈیز سے پوچھ گچھ
لندن،اکتوبر۔آج کل اداکارہ نورہ فتحی سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہی ہیں لیکن ایسا نہ تو ان کی کسی نئی فلم کے سبب ہے اور نہ ہی ان کا کوئی نیا آئیٹم نمبر آیا۔نورہ جمعرات کے روز 200 کروڑ روپے کے منی لانڈرِنگ کیس میں پوچھ گچھ کے لیے نئی دہلی میں ’انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ‘ کے سامنے پیش ہوئیں۔اسی کیس میں اداکارہ جیکلین فرنانڈیز کو بھی طلب کیا گیا ہے۔اس معاملے میں دو ملزمان چندرا شیکھر اور ان کی بیگم اداکارہ لینا پال پہلے سے ہی گرفتار ہیں اور دونوں اداکاراؤں کو ان سے تعلق پر پوچھ گچھ کے لیے بلایا گیا۔
جیکلین کو پہلے بھی اس معاملے میں پوچھ گچھ کے لیے بلایا گیا تھا۔چندر شیکھر اور ان کی اداکارہ اہلیہ پر دھوکہ دہی اور فراڈ کیالزامات ہیں۔خیر معاملہ جو بھی ہو لیکن سوشل میڈیا پر لوگوں نے اپنے بیش قیمتی خیالات کا اظہار شروع کر دیا ہے اور اس موضوع پر طرح طرح کے میم شیئیر کیے جا رہے ہیں۔دوسری جانب شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کی ضمانت پر فیصلہ بیس اکتوبر تک کے لیے محفوظ کر لیا گیا ہے۔تقریباً دس دن پہلے نیشنل نارکوٹکس بیورو کی جانب سے ایک کروز پارٹی میں منشیات کے استعمال پر گرفتاری کے بعد سے آرین کی ضمانت کی درخواست پہلے بھی دو بار ملتوی ہوئی اور اب ضانت کا فیصلہ بیس اکتوبر کو سنایا جائے گا۔سوشانت سنگھ کیس کی طرح اس کیس میں عدالت سے پہلے میڈیا ٹرائل شروع ہو گیا جہاں آرین کے خلاف اور ان کے حق میں لوگ اپنے اپنے دلائل دے رہے ہیں۔لیکن بالی ووڈ میں کچھ ہی لوگ اس بارے میں کھل کر سوشل میڈیا پر اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں اور انڈسٹری کی زیادہ تر بڑی شخصیات خاموش ہی ہیں۔اداکارہ سوارہ بھاسکر نے اسے ’ہراساں’ کرنے کے مترادف کہا جبکہ فلسماز راہول ڈھولکیا نے آرین کو ضمانت نہ ملنے پر مایوسی ظاہر کی۔اداکار شسترگھن سنہا نے آرین کی گرفتاری پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ یہاں نشانہ آرین نہیں شاہ رخ خان ہیں۔ٹی وی چینل این ڈی ٹی کے ساتھ بات کرتے ہوئے شتروگھن سنہا کا کہنا تھا کہ یہ شاہ رخ خان کی شہرت اور نام کو خراب کرنے کی کوشش ہے۔ شتروگھن سنہا کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملک میں جاری مسائل اور بڑے سیاسی موضوعات سے توجہ ہٹانے کے لیے بالی ووڈ کو نشانہ بنایا جا رہا ہے تاکہ لوگ اصل مسائل کو بھول جائیں۔واضح رہے کہ بالی ووڈ میں منشیات کے حوالے سے پہلے بھی بڑے ستاروں کے نام لیے جاتے رہے ہیں جن میں دپیکا پادوکون بھی شامل ہیں۔دپیکا کو سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد منشیات کے حوالے سے ہونے والی تحقیقات میں پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا تھا۔اداکار فردین خان گیارہ سال بعد واپس فلموں کا رخ کر رہے ہیں اور اس ہفتے انھیں ایک ٹی سیریز کے دفتر کے باہر دیکھا گیا ہے۔فلسماز سنجے گپتا نے اپنی نئی فلم ’وسپھوٹ‘ کے لیے فردین کے نام کی تصدیق کر دی ہے۔ اس فلم میں فردین کے ساتھ رتیش دیش مکھ بھی ہوں گے۔فردین لمبے عرصے سے فلموں سے درو تھے اور سوشل میڈیا پر کئی بار ان کے بڑھے ہوئے وزن کا مذاق اڑایا جاتا رہا ہے لیکن نئی تصاویر میں فردین پہلے کی طرح پتلے دبلے نظر آ رہے ہیں۔