بابر کی وجہ سے تسلسل آیا، انکے لیے جان دینے کو تیار ہیں، شاداب خان
لاہور،دسمبر۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کپتان بابر اعظم کے رویئے کی وجہ سے ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل آیا ہے اور کھلاڑی اس کے لیے جان دینے کے لیے بھی حاضر ہیں کیونکہ لیڈر اگر آپ کو سپورٹ کرے تو آپ جان بھی دے دیتے ہیں۔ بابر اعظم جیسے فیصلے کر رہے ہیں وہ ایک اچھے لیڈر کی نشانی ہے ، بابر اعظم اچھے برے وقت میں سب کو سپورٹ کر رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ ان کے رویئے کی وجہ سے ٹیم ایک یونٹ بنی، اس کو مومنٹم ملا اور ہر کھلاڑی پرفارم کرنے کے لیے آگے بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کنسلٹنٹس میتھیو ہیڈن اور ورنن فلینڈر کا ٹیم کو بہت فائدہ ہوا تھا، ، کم وقت میں انہوں نے مضبوط بنانے کی کوشش کی ، میں سمجھتا ہوں کہ ٹیم کو بیٹنگ اور بولنگ کوچز کی ضرورت رہتی ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں ہارے ضرور لیکن سیکھنے کو بہت ملا ، یہی وجہ ہے کہ بنگلا دیش میں دونوں فارمیٹ (ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ ) کے تمام میچز میں کامیابی حاصل کی۔ شاداب خان کا ماننا ہے کہ کھلاڑیوں کی کارکردگی میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے، ہم ٹیم تو ہیں ہی لیکن ہم فیملی پہلے ہیں ، جس طرح فیملی میں ایک دوسرے کو سپورٹ ملتی ہے اسی طرح ہم ایک دوسرے کو اٹھا کر رکھتے ہیں ، ہار جیت ایک کھلاڑی کی نہیں پوری ٹیم کی ہوتی ہے۔ کوچ ثقلین مشتاق نے گراؤنڈ میں جھنڈا لگانے کی روایت قائم کی ، سبز ہلالی پرچم ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم نے اپنے پیارے ملک کے لیے کھیلنا ہے۔