بائیکاٹ مہم، عامر خان کے بعد اکشے کمار بھی بول پڑے
ممبئی،اگست۔اسٹار اداکار عامر خان کے بعد اکشے کمار بھی بائیکاٹ مہم کے خلاف بول پڑے، ساتھ ہی ٹرولرز اور میڈیا سے درخواست کردی۔اکشے کما ر 11 اگست کو ریلیز ہونے والی اپنی فلم ’رکھشا بندھن‘ کی پروموشن کے لیے ملک گیر دورے پر ہیں، انہوں نے اس دوران اپنی فلم کی بائیکاٹ مہم پر ردعمل دیا۔انہوں نے ٹرولرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ فلمیں بھارتی معیشت کی بہتری میں معاون ہیں، آپ کو اور میڈیا کو اس طرح کی باتوں میں پڑنے سے اجتناب برتنا چاہیے۔اس سے قبل سوشل میڈیا پر کئی لوگوں نے رکھشا بندھن کی مصنفہ کو اْن کے کچھ ہندو مخالف ٹوئٹس کی بنیاد پر تنقید کا نشانہ بنایا اور فلم کے بائیکاٹ کی مہم چلائی۔اس دوران بہت سے لوگوں نے سوشل میڈیا پر فلم کے حوالے سے اپنی نفرت کا اظہار کیا اور سینما گھروں میں اس کی ریلیز کے بائیکاٹ کا بھی مطالبہ کیا۔کولکتہ میں فلم کی پروموشن کے دوران اکشے کمار نے ملک بھر میں زور و شور سے جاری بائیکاٹ مہم اور پابندی کے مطالبے پر کھل کر اظہار خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت ایک آزاد ملک ہے، یہاں کوئی بھی جو چاہے کرسکتا ہے۔اداکار نے مزید کہا کہ میں ٹرولرز اور میڈیا سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اس بائیکاٹ مہم کا حصہ نہ بنیں۔رکھشا بندھن کی تشہر کے لیے اکشے کمار اور فلم کی کاسٹ کولکتہ کے بعد لکھنو اور پھر نئی دہلی جائیں گے۔