ایٹمی حملے میں کبھی پہل نہیں کریں گے، روسی صدر
ماسکو ،دسمبر۔روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے واضح کیا ہے کہ ایٹمی جنگ کا خطرہ ضرور بڑھ رہا ہے لیکن روس کبھی بھی ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے میں پہل نہیں کرے گا۔ روس کی حقوق انسانی کونسل کے سالانہ اجلاس میں بات کرتے ہوئے روسی صدر نے کہا کہ روس صرف دوسرے ملک کی جانب سے کیے جانے والے حملے کے جواب میں ایٹمی ہتھیار استعمال کرے گا۔ پیوٹن کا کہنا تھا کہ ہم عقل سے عاری نہیںہیں، اچھی طرح جانتے ہیں کہ جوہری ہتھیار کیا ہوتے ہیں۔ یوکرین میں جنگ ایک طویل عمل ہو سکتا ہے۔ دوسری جانب جرمن چانسلر کا کہنا ہے کہ ماسکو پر بین الاقوامی دباؤ کی بدولت یوکرین کے خلاف روسی جنگ میں ممکنہ جوہری ہتھیاروں کے استعمال کو روکنے میں مدد ملی ہے۔ اولاف شولس نے ایک انٹرویو میں کہا کہ فی الحال ہم ایٹمی اسلحہ پر روک لگا دی ہے اور روس نے جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی دھمکیاں دینا بند کر دی ہیں۔ بین الاقوامی برادری نے سرخ لکیر کی جو دھمکی دی تھی، یہ اس کے جواب میں ہوا ہے۔