ایردوآن کا امارات کا دورہ ایک نیا مثبت باب کھولے گا: قرقاش
ابو ظبی،فروری۔متحدہ عرب امارات کے صدر کے سفارتی مشیر انور قرقاش کا کہنا ہے کہ ترک صدر رجب طیب ایردوآن کا امارات کا دورہ دونوں ملکوں کے بیچ تعلقات کا نیا مثبت باب کھولے گا۔اتوار کے روز اپنی ٹویٹس میں قرقاش نے مزید کہا کہ صدر ایردوآن کا دورہ شیخ محمد بن زائد آل نہیان کے ترکی کے دورے کے بعد ہو رہا ہے۔ اس سے خطے میں استحکام اور ترقی کے مقصد سے رابطے اور تعاون کے پْلوں کو مضبوطی حاصل ہو گی۔قرقاش نے باور کرایا کہ امارات کی پالیسی مثبت اور دانش مندانہ ہے۔ یہ علاقائی امن، سلامتی اور ترقی کے مفاد میں ہے۔امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق آج پیر کے روز ایردوآن کے امارات کا دورہ دونوں ملکوں کے درمیان ترقی پاتے تزویراتی تعلقات کی مضبوطی کے حوالے سے ایک اہم قدم ہے۔سال 2021ء کے اواخر میں ابوظبی کے ولی عہد اور مسلح افواج کے نائب کمانڈر شیخ محمد بن زائد آل نہیان نے ترکی کا دورہ کیا تھا۔ انہیں اس دورے کی دعوت ترکی کے صدر نے دی تھی۔ یہ دورہ دونوں ملکوں کے بیچ تعلقات میں ایک نمایاں پیش رفت ثابت ہوا۔